نئی دہلی//صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج راشٹرپتی بھون میں ہندوستانی ہوا بازی کے شعبے کی کامیاب خواتین کے ایک گروپ سے بات چیت کی۔
صدارتی سیکریٹریٹ کے مطابق یہ ملاقات ” دی پریزیڈینٹ ودھ پیپل ” اقدام کے تحت ہوئی جس کا مقصد لوگوں کے ساتھ گہرا تعلق قائم کرنا اور ان کے تعاون کو تسلیم کرنا ہے ۔
اس موقع پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ خواتین ملک کے سول ایوی ایشن سیکٹر میں مختلف آپریشنل اور تکنیکی شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں ایئر ٹریفک کنٹرولرز میں 15 فیصد خواتین، 11 فیصد فلائٹ ڈسپیچر خواتین اور 9 فیصد ایرو اسپیس انجینئرز خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کمرشئل لائسنس حاصل کرنے والے پائلٹس میں 18 فیصد خواتین تھیں۔ انہوں نے ان تمام کامیاب خواتین کی ستائش کی جو اختراعی سوچ رکھتی ہیں اور نئی راہوں پر چلنے کا حوصلہ رکھتی ہیں۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جامع کوششوں نے شہری ہوا بازی کے شعبے میں خواتین کی ترقی کو فروغ دیا ہے ۔ اب زیادہ سے زیادہ خواتین ہوا بازی کو اپنے کیریئر کے طور پر منتخب کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہوا بازی کی صنعت میں خواتین کی شرکت بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس شعبے میں ترقی کے لیے یکساں مواقع بھی ضروری ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم اور مناسب تربیت کے علاوہ خاندان کا تعاون بھی ضروری ہے ۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد بھی بہت سی خواتین خاندان کی طرف سے تعاون نہ ہونے کی وجہ سے اپنے خواب پورے نہیں کر پاتی ہیں۔ انہوں نے کامیاب خواتین پر زور دیا کہ وہ دوسری خواتین کے لیے رہنما بنیں اور انہیں اپنے کیریئر کا انتخاب کرنے اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی ترغیب دیں۔