واشنگٹن//
امریکی صدر جو بائیڈن نے اردن کے شاہ عبداللہ کے ساتھ غزہ اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور جنگ بندی کے لیے دباؤ کی حکمت عملی پر غور کیا۔ یہ بات وائٹ ہاؤس کی طرف سے جمعہ کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی گئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے صدر جو بائیڈن نے شاہ عبداللہ کو غزہ کے سلسلے میں تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کی جانے والی کوششوں سے بھی اپڈیٹ کیا۔
نیز انسانی بنیادوں پر امداد کی ترسیل اور دیگر ایشوز پر بھی دونوں رہنماؤں نے بات چیت کی۔ واضح رہے سات اکتوبر سے غزہ مسلسل اسرائیلی جنگ کی زد میں ہے، لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور 39175 فلسطینی اس جنگ کے دوران ہلاک ہو چکے ہیں۔ جن میں زیادہ تر تعداد خواتین اور بچوں کی۔
امریکہ اسرائیل کو کچھ عرصے سے بطور خاص بلاامتیاز بمباری پر توجہ دلا رہا ہے کہ اس سے شہریوں کی ہلاکتیں ہو رہی ہیں اور یہ بھی کہ شہریوں کی کم سے کم ہلاکتیں ہوں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امریکی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز اتوار کے روز روم میں مصری و قطری اعلیٰ حکام کے ساتھ مذاکرات کے لیے جا رہے ہیں۔