نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی دنیا کے سات طاقتور ممالک کے گروپ جی۷کے اجلاس میں شرکت کیلئے جمعرات کی رات اٹلی جائیں گے ۔
خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا نے آج یہاں ایک بریفنگ میں کہا کہ یہ مودی کا اپنی تیسری میعاد میں پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ انہوں نے کہا ’’اطالوی وزیر اعظم جیورجیو میلونی کی دعوت پر وزیر اعظم نریندر مودی۵۰ویں جی ۷ چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے کل اپولیا، اٹلی کا دورہ کریں گے ۔ وہاں۱۴جون کو چوٹی کانفرنس ہوگی۔ مسلسل تیسری بار عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا‘‘۔
خارجہ سکریٹری نے کہا’’یہ انہیں جی ۷سربراہی اجلاس میں موجود دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ ہندوستان کے ساتھ ساتھ گلوبل ساؤتھ کے لیے اہمیت کے حامل مسائل پر مشغول ہونے کا موقع بھی فراہم کرے گا‘‘۔
سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ جی ۷چوٹی کانفرنس میں یہ ہندوستان کی۱۱ویں اور وزیر اعظم مودی کی جی۷چوٹی کانفرنس میں مسلسل ۵ویں شرکت ہوگی۔۱۴جون کو وزیر اعظم آؤٹ ریچ سمٹ کے لیے مدعو کیے گئے دیگر ممالک کے ساتھ ایک آؤٹ ریچ سیشن میں شرکت کریں گے ۔ اس سیشن میں مصنوعی ذہانت، توانائی، افریقہ اور بحیرہ روم پر توجہ دی جائے گی۔ یہ ایک بلاک ایجنڈا آئٹم ہوگا جہاں جی۷اور آؤٹ ریچ ممالک اپنے خیالات اور نقطہ نظر کا اشتراک کریں گے ۔
کواترا نے کہا’’جی۷سمٹ میں وزیر اعظم کی شرکت گزشتہ سال ہندوستان کی صدارت میں منعقدہ جی ۲۰سربراہی اجلاس کے نتائج کی پیروی کرنے اور ان مسائل پر غور کرنے کا ایک بروقت موقع فراہم کرے گی جو گلوبل ساؤتھ کے لیے اہمیت کے حامل ہیں‘‘۔
سیکریٹری خارجہ نے کہا’’اٹلی میں جی۷سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم سے جی۷کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ آؤٹ ریچ ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں اور بات چیت کی بھی توقع ہے ‘‘۔
کواترا نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے علاوہ اٹلی نے جی۷کے سربراہ کی حیثیت سے الجزائر، ارجنٹائن، برازیل، مصر، کینیا، موریطانیہ، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، تیونس، سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ کمیٹی پر دستخط کیے ہیں۔ ترکی، متحدہ عرب امارات اور اقوام متحدہ کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔
خارجہ سیکریٹری نے کہا کہ وزیراعظم کی اٹلی کے وزیراعظم سے دو طرفہ ملاقات بھی متوقع ہے ۔ توقع ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے اعظم دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور مزید پیش رفت کے لیے رہنمائی فراہم کریں گے ۔
روس،یوکرین تنازعہ کو روکنے کے لیے منعقد ہونے والی عالمی امن سمٹ میں ہندوستان کی شرکت کے بارے میں پوچھے جانے پر خارجہ سکریٹری نے کہا ’’ہندوستان مناسب سطح پر سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونے والی امن چوٹی کانفرنس میں شرکت کرے گا۔یہ ابھی زیر غور ہے ۔جیسا کہ اور جب ہمارے پاس اس میٹنگ میں شرکت کے لیے مندوبین کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے بارے میں اطلاعات ہوں گی، تو ہمیں اسے آپ کے ساتھ شیئر کرنے میں بہت خوشی ہوگی۔‘‘