نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو آندھرا پردیش کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے پر تلگو دیشم پارٹی کے رہنما نارا چندرابابو نائیڈو کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
مسٹر مودی نے مسٹر نائیڈو کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔ وزیراعظم مودی کے علاوہ ان کی وزارتی کونسل کے کئی اراکین نے بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔
بعد میں وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا "آندھرا پردیش میں نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ مسٹر این چندرابابو نائیڈو کو آندھرا پردیش کا وزیراعلی بننے پر مبارکباد۔ ان کے ساتھ حلف لینے والے دیگر وزراء کو مبارکباد۔ تلگودیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) ، جنا سینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت آندھرا پردیش کو نئی بلندیوں پر لے جانے اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ ’’
قابل ذکر ہے کہ آندھرا پردیش میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں ٹی ڈی پی کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد کو اکثریت حاصل ہوئی ہے ۔ اس کے بعد ریاست میں نئی حکومت بنی ہے ۔ ٹی ڈی پی مرکز میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) حکومت میں شامل ہے ۔