لاہور// پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں آئندہ سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کو 19 فروری سے شروع کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔
تجویز کے تحت بورڈ نے ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ کے درمیان کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ کراچی میں ٹورنامنٹ کے افتتاحی اور سیمی فائنل سمیت تین میچز ہوں گے۔ لاہور میں فائنل سمیت کل سات اور پنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کل پانچ میچ ہوں گے جس میں دوسرا سیمی فائنل بھی ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان کا ہر میچ لاہور میں کرانے کی تیاری ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر ہندوستان سیمی فائنل میں جاتا ہے تو ایک سیمی فائنل کراچی یا راولپنڈی سے نکال کر لاہور لانا ہوگا۔ سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو زیادہ سفر سے بچاتے ہوئے میچوں کو ایک شہر میں کرائے جانے کا منصوبہ ہے۔ لاہور باگھا بارڈر کے قریب بھی ہے، اس لیے ہندوستانی شائقین کے لیے وہاں پہنچنا آسان بھی ہو گا۔
تاہم ابھی تک یہ یقینی نہیں ہے کہ ہندوستان ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔ سال 2008 میں ایشیا کپ کے بعد سے ہی ہندوستان نے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا ہے اور 2012-13 کے بعد سے دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی ہے۔ پچھلے سال جب پی سی بی نے ایشیا کپ کی میزبانی کی تو ہندوستان کے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گئےتھے۔ ہندوستان کو فائنل میں جیت ملی تھی۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) بار بار کہتا رہا کہ ہندوستانی ٹیم کا دورہ پاکستان ہندوستانی حکومت کے فیصلے پر منحصر ہے۔