نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی بروز اتوار 17 دسمبر کو بنارس کے ‘نمو گھاٹ’ پر ‘کاشی-تمل سنگم-2023’ کا آغاز کریں گے ۔
یہ اطلاع ہفتہ کے روز مرکزی وزارت تعلیم کی طرف سے جاری کردہ ریلیز میں دی گئی۔
ریلیز کے مطابق، اس موقع پر وزیر اعظم کنیا کماری- بنارس تمل سنگم ٹرین کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔ اس پروگرام میں اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل، مرکزی تعلیم اور ہنرسازی اور انٹرپرینیوشپ کے وزیر دھرمیندر پردھان، اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور دیگر معززین بھی موجود رہیں گے ۔
کاشی- تمل سنگم کا پہلا مرحلہ 16 نومبر سے 16 دسمبر 2022 تک منعقد ہوا تھا۔
کاشی-تمل سنگم کا دوسرا مرحلہ بنارس میں 17 سے 30 دسمبر 2023 تک ہوگا۔ تمل وفد کا پہلا قافلہ جمعہ کے روز چنئی سے روانہ ہوا ہے ۔ تمل ناڈو کے مختلف حصوں سے زندگی کے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 1400 افراد (200 افراد کے 7 قافلے ) کے پہنچنے کی توقع ہے ۔ بنارس میں قیام کے دوران وہ اپنے سفر کے مطابق الہ آباد اور اجودھیا بھی جائیں گے ۔
ریلیز کے مطابق، سات گروپوں کے نام طلبہ (گنگا)، اساتذہ (جمنا)، پیشہ ور افراد (گوداوری)، روحانی اشخاص (سرسوتی)، کسان اور کاریگر (نرمدا)، مصنفین (سندھو) اور تاجروں (کاویری) کے نام رکھے گئے ہیں۔ ہندوستان کے سات دریاؤں کے نام سے منسوب یہ گروپ چنئی، کوئمبٹور اور کنیا کماری سے ہوتے ہوئے بنارس پہنچیں گے ۔