نئی دہلی// وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کارپوریٹ گورننس لانے میں کمپنی سکریٹریوں کے اہم رول کا ذکر کرتے ہوئے آج کہا کہ ملک کی ترقی اب ٹائر ٹو اور ٹائر تھری شہروں سے رفتار پکڑ رہی ہے ۔
انسٹی ٹیوٹ آف کمپنی سیکرٹریز آف انڈیا (آئی سی ایس آئی) کے 55ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ گزشتہ تین سال میں ہندوستان میں 230 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ہے ۔ اس کے پیش نظر، کارپوریٹ گورننس لانے کے شعبے میں کمپنی سکریٹریوں کا بہت بڑا کردار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 39 ہزار غیر ضروری قوانین اور قواعد کو ختم کر دیا گیا ہے جو بے فائدہ ہو چکے ہیں۔ اس کے ذریعے کاروبار کرنے میں آسانی پر زور دیا گیا ہے ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دنیا میں صلاحیت کے عالمی مراکز میں ہندوستان کی شراکت داری فی الحال 45 فیصد ہے اور ان عالمی مراکز میں سات ہزار اسٹارٹ اپ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ایس آئی کا ان عالمی صلاحیت سازی مراکز کے قیام میں اہم رول ہے ۔