نئی دہلی// ہندوستان کے سابق کرکٹر یووراج سنگھ کا خیال ہے کہ رشبھ پنت کو ہندوستانی ٹیم کا نائب کپتان بنایا جانا چاہئے تاکہ وہ مستقبل میں قائدانہ کردار کے لئے تیار ہوسکیں۔ ‘اسپورٹس 18’ چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنت وہ کھلاڑی ہیں جن کے کھیل میں حالیہ دنوں میں سب سے زیادہ بہتری آئی ہے۔
یوراج نے کہا، "سلیکٹرز کو پنت کو مستقبل کے کردار کے لیے تیار کرنا چاہیے۔ وہ نوجوان ہیں اور مستقبل میں کپتان بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ وہ وکٹ کیپر بھی ہیں جن کی توجہ میدان پر سب سے زیادہ رہتی ہے اس لیے وہ اس کردار کے لیے سب سے زیادہ تیار ہیں۔ انہیں ذمہ داری دیں اور ایک سال تک ان سے معجزے کی امید نہ رکھیں۔ مجھے یقین ہے کہ پنت اس اعتماد کا نتیجہ ضرور دیں گے۔
یووراج نے ان ناقدین کو بھی مسترد کر دیا جو پنت کی پختگی پر سوال اٹھاتے ہیں۔ یووراج نے کہا، “جب وراٹ کو کپتانی ملی تو وہ پوری طرح سے میچورنہیں تھے، پنت وقت کے ساتھ میچور ہو رہے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم کہ لوگ کیسے سوچتے ہیں، لیکن مجھے لگتا ہے کہ وہ بہترین آپشن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب بھی وہ پنت سے بات کرتے ہیں تو وہ آسٹریلیا کے لیجنڈ ایڈم گلکرسٹ کی مثال دیتے ہیں جنہوں نے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 17 ٹیسٹ سنچریاں اپنے نام کیں۔ یووراج نے کہا کہ پنت کے پاس پہلے ہی چار ٹیسٹ سنچریاں ہیں اور وہ اب تک کے بہترین وکٹ کیپر بلے باز بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔