ٹوکیو// ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیا سین ہفتہ کو جاپان اوپن 2023 کے سیمی فائنل میں انڈونیشیا کے جوناتھن کرسٹی سے ہارنے کے بعد باہر ہو گئے۔
عالمی نمبر نو کرسٹی نے لکشیا کو ایک گھنٹہ آٹھ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 21-15، 13-21، 21-16 سے شکست دی۔ دو ہفتے قبل یو ایس اوپن کے ٹاپ فور میں ہارنے والے لکشیا کو مسلسل دوسری بار سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دونوں کھلاڑیوں نے پہلے گیم میں تیز ریلیوں کا تبادلہ کیا، حالانکہ لکشیا نے پہلے بریک تک 11-9 کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ بریک کے بعد پانچویں سیڈ کرسٹی نے واپسی کرتے ہوئے 13-12 کی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے لکشیا کو آگے آنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور پہلا گیم 21-15 سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں، لکشیا نے زیادہ صبر کا مظاہرہ کیا اور کرسٹی کو لمبی ریلیوں میں الجھائے رکھا۔ لکشیا اپنے انڈونیشیائی کھلاڑی کو غلطیاں کرنے پر مجبور کرنے میں کامیاب رہے اور 6-4 کی برتری حاصل کرنے کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
تیسرے گیم میں دونوں کھلاڑیوں نے اچھی شروعات کی لیکن کرسٹی 8-6 کی برتری حاصل کرنے کے بعد لکشیا پردباؤ ڈالنے میں کامیاب رہے۔ ہندوستانی شٹلر نےلگاتار پوائنٹس اسکور کئے لیکن کرسٹی سے آگے نہ نکل سکے۔
کرسٹی کے خلاف تین میچوں میں لکشیا کی یہ دوسری شکست ہے۔ اس کے ساتھ ہی جاپان اوپن میں ہندوستان کی مہم بھی ختم ہوگئی۔ اس سے قبل مردوں کے سنگلز کھلاڑی ایچ ایس پرنائے اور مردوں کے ڈبلز جوڑی ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
قابل ذکر ہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں بیڈمنٹن کے لیے کوالیفکیشن ونڈو یکم مئی 2023 کو کھل چکی ہے۔ جاپان اوپن میں حاصل کیے گئے رینکنگ پوائنٹس اولمپک کوالیفکیشن کے لیے ویلڈ ہوں گے۔
بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور کا اگلا پڑاؤ آسٹریلیا اوپن 2023 ہے جو اگلے ہفتے منعقد ہوگا۔