پیرس//
فرانس کے مغربی حصوں میں جمعہ کی شام 5.8شدت کا ایک غیر معمولی زلزلہ آیا۔ سیسمولوجی بیورو ’’ بی سی ایف‘‘ نے بتایا کہ زلزلہ بہت مضبوط تھا اور اس سے عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
ماحولیات کی منتقلی کے وزیر کرسٹوف بیچو نے کہا کہ یہ مین لینڈ پر رجسٹرڈ سب سے زیادہ طاقتور زلزلوں میں سے ایک ہے۔
اے ایف پی کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ فرانس میں اسی طرح کی طاقت کے آخری زلزلے 2000 کی دہائی کے اوائل میں آئے تھے۔
زلزلہ کی نگرانی کے قومی نیٹ ورک RENASS نے زلزلے کی شدت 5.3ریکارڈ کی جبکہ فرانسیسی سنٹرل سیسمولوجیکل بیورو کے مطابق شدت 5.8تھی۔ پریفیکچر نے بتایا کہ ڈیوکس سیوریس ڈیپارٹمنٹ میں ایک شخص معمولی زخمی ہوا اور اس کا موقع پر ہی علاج کردیا گیا۔ محکمہ کے جنوب مغرب کے علاقے سے مادی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ بہت سی عمارتوں سے پتھر گرنے اور ان کی دیواروں میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
مزید جنوب کے علاقے چارینٹے میری ٹائم ڈپارٹمنٹ میں بھی عمارتوں میں دراڑیں نمودار ہوئیں اور بجلی کا نظام معطل ہونے سے 11 سو گھر اندھیرے میں ڈوب گئے۔ زلزلے کے جھٹکے شمال میں رینس اور جنوب مغرب میں بورڈو تک دور تک محسوس کیے گئے۔
دریائے لوئر پر واقع ٹورز شہر میں قانون کی طالبہ لی فرینک نے بتایا جب زلزلہ آیا تو میں اپنے بستر پر پڑھ رہی تھیں، میں کھڑی ہو گئی اور پورا اپارٹمنٹ ہل رہا تھا، یہ سلسلہ کئی سیکنڈ تک جاری رہا پھر رک گیا۔