نئی دہلی// ایئر فورس ڈے پر ہر سال منعقد ہونے والا ایئر شو اس بار چنڈی گڑھ میں منعقد کیا جائے گا جس میں 80 سے زیادہ لڑاکا طیارے ، ہیلی کاپٹر اور کارگو ایئر کرافٹ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔
ایئر فورس کے 90ویں یوم تاسیس سے قبل منگل کو یہاں منعقدہ سالانہ پریس کانفرنس میں گروپ کیپٹن اجے راٹھی نے کہا کہ اس بار ایئر فورس ڈے پر چنڈی گڑھ میں ایئر شو کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب چنڈی گڑھ میں یوم فضائیہ کے موقع پر اس تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر کو فضائیہ کے دو طیارے اور ہیلی کاپٹر چنڈی گڑھ میں صبح اور شام کے اوقات میں اپنے کرتب دکھائیں گے ۔ شام کو یہ تقریب سکھنا نہر کے نزدیک منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایئر شو میں مجموعی طورپر 83 لڑاکا طیارے ، ہیلی کاپٹر، کارگو ایئر کرافٹ اور ونٹیج ایئر کرافٹ شامل ہوں گے ۔ ان میں سے سات طیارے ایئر شو کے لیے اسٹینڈ بائی پر رکھے جائیں گے جبکہ 74 اس میں حصہ لیں گے ۔ ان میں سے 44 لڑاکا طیارے ہوں گے ۔ لڑاکا طیاروں میں رافیل، سخوئی، تیجس، مگ، میراج اور جیگوار جیسے طیارے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے جبکہ اپاچی، چنوک، ایم آئی 17 اور فضائیہ میں حال ہی میں شامل کیے گئے زبردست ہیلی کاپٹر اپنے کرتب دکھائیں گے ۔