’گزشتہ سال کے مقابلے میں ا س وقت ایک گرام سونا پانچ ہزار روپے سستا ہوا ہے، جس سے ہماری خریداری بڑھ گئی ہے‘
(ایجنسیاں )
سری نگر؍۲۴ نومبر
سونے کی قیمتوں میں حالیہ گراوٹ کے بعد کشمیر کے صرافہ بازاروں میں رونق لوٹ آئی ہے۔
جیولری کے کاروبار سے وابستہ لوگوں کا کام ایک بار پھر رفتار پکڑنے لگا ہے، جبکہ خریدار بھی خوش نظر آ رہے ہیں۔ گزشتہ سال سونے کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافے کی وجہ سے گاہک خریداری سے کتراتے رہے۔ یہ اضافہ نہ صرف اس صنعت سے وابستہ افراد کے لیے پریشان کن تھا بلکہ متوسط گھرانوں کے لیے بھی باعث تشویش تھا۔ جنہیں بچوں کی شادی کے لیے زیورات خریدنے ہوتے ہیں، ان کے لئے سونا خریدنا نہایت مشکل ہو گیا تھا۔
بڈگام کے جیولر علی محمد نے ہندوستھان سماچار کو بتایا کہ قیمتوں میں کمی کے بعد ان کا کاروبار، جو مہنگائی کے سبب کافی سست ہو گیا تھا، پھر رفتار پکڑنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا ’’گزشتہ سال کے مقابلے میں ان دنوں ایک گرام سونا کم سے کم پانچ ہزار روپے سستا ہوا ہے، جس کی وجہ سے ہماری خریداری بڑھ گئی ہے۔‘‘
سری نگر کے مہاراجہ ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ پر واقع ایک جیولری دکان کے مالک نے کہا: ’’جب سونے کی قیمت کم ہوتی ہے تو ہمارا کام اچھا چلتا ہے، لیکن جب ریٹ بڑھ جاتا ہے تو کام بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ ریٹ کم ہو تو متوسط طبقے کے لوگ بھی سونا خریدتے ہیں، جو ہمارے سماج میں اکثریت میں ہیں۔ ریٹ بڑھ جائے تو صرف آسودہ حال لوگ ہی خریداری کر پاتے ہیں، جن کی شرح ہمارے سماج میں کافی کم ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ریٹ کم ہونے پر غریب لوگ بھی تھوڑا بہت سونا خرید کر اپنے بچوں کو زیورات تحفے میں دے پاتے ہیں۔
شبیر احمد نامی ایک گاہک نے کہا کہ وادی میں زیادہ تر شادی بیاہ کے لیے سونے کے زیورات خریدے جاتے ہیں، لیکن اب کچھ لوگ کاروبار کے لیے سونے کے بسکٹ بھی خریدتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’’یہاں غیر ضروری طور پر سونے کو خرید کر گھروں میں رکھنے کا رجحان زیادہ نہیں ہے، تاہم یہ دیکھا جا رہا ہے کہ لوگ بیٹیوں کی شادی کے لیے پہلے ہی زیورات خرید کر رکھتے ہیں۔ جب ریٹ زیادہ تھا تو سونا خریدنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں تھی۔ اب گراوٹ کے بعد یہ کاروبار پھر رفتار پکڑنے لگا ہے، جو تاجروں کے لیے بھی اچھی بات ہے اور گاہکوں کے لیے بھی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ شادی بیاہ کی خریداری اگرچہ مانگ کا ایک اہم محرک بنی ہوئی ہے، لیکن روایتی طور پر لوگ اس قیمتی دھات کو گھریلو بچت کی ایسی شکل سمجھتے ہیں جس پر مالی غیر یقینی کی صورتحال میں بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔ مارکیٹ کے اشاریہ جاتی نرخوں کے مطابق کشمیر میں۲۴ کیرٹ سونے کی قیمت کم ہو کر تقریباً ایک لاکھ۲۵ہزار ایک سو روپے فی۱۰ گرام پر آ گئی ہے، جبکہ زیورات کی تیاری میں عام طور پر استعمال ہونے والا۲۲ کیرٹ سونا تقریباً ایک لاکھ ۱۴ہزار۶۹۰ روپے فی۱۰گرام پر ہے۔
گزشتہ۱۰ دنوں کے دوران۲۴ کیرٹ سونا ۱۴ہزار ۷۲۰ روپے اور۲۲ کیرٹ سونا ۱۳ہزار۵۵۰ روپے سستا ہوا ہے، یعنی دونوں اقسام میں۱۰فیصد سے زائد کی کمی آئی ہے۔










