نئی دہلی، 19 نومبر (یواین آئی) وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان مضبوط شراکت داری موجودہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ڈاکٹر جے شنکر نے جمعرات کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہندوستان اور جاپان کے وزرائے خارجہ اور دفاع کی چوتھی ‘ٹو پلس ٹو بات چیت’ کے اختتام پر سمندری تجارت کے تحفظ، دفاعی تعاون اور ہند۔بحرالکاہل خطے کو آزاد اور کھلا رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت کئی بڑے بحرانوں سے گزر رہی ہے۔ دو بڑے تنازعات، معاشی عدم استحکام اور کووڈ وبا کے اثرات کے باعث توانائی، تجارت، غذائی اور صحت کے تحفظ سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ایسے وقت میں ہندوستان اور جاپان جیسے قابل اعتماد شراکت داروں کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رابطہ کاری، وسائل، خدمات، سپلائی چین اور بازار میں حصص کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان سے دونوں ممالک کی قومی سلامتی کو تشویش لاحق ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور نئے متبادل تلاش کرنا ضروری ہے۔
وزیر خارجہ نے سمندری تجارت کو بین الاقوامی کاروبار کی ایک اہم بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی روانی برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ہندوستان اور جاپان کے درمیان سمندری تعاون اس سمت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ دونوں ممالک نے اس سلسلے میں بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ڈاکٹر جے شنکر نے جنگ کے بدلتے ہوئے طریقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جدید ہتھیاروں اور نئی تکنیکی تدابیر کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ اس شعبے میں تعاون، اختراع اور اسٹارٹ اپس کے ساتھ دونوں ممالک کی وسیع تر شراکت داری کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کا مقصد کثیر قطبی ایشیا اور کثیر قطبی دنیا کو مضبوط بنانا ہے۔ دونوں ممالک کثیر جہتی اداروں میں اصلاحات کے بھی حامی ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات عالمی نظام میں دونوں ممالک کے کردار کو مزید اہم بنا سکتے ہیں۔








