آئی ٹی محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ ‘کابینہ کارروائی کو کاغذ سے ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے کی بھی ہدایت دی
(ڈی آئی پی آر)
جموں؍۱۹ نومبر
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج محکمہ اطلاعات و ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں مختلف ای گورننس اقدامات، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں، سائبر سکیورٹی انتظامات اور آن لائن خدمات کی فراہمی میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے محکمہ کی اہم کامیابیوں اور ڈیجیٹل حکمرانی کو مضبوط بنانے اور سرکاری خدمات تک شہریوں کی رسائی بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں سیکریٹری آئی ٹی نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں اس وقت۱۷۱۸ سرکاری خدمات ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ساتھ مربوط ہیں، جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران۳۶۸ نئی خدمات شامل کی گئی ہیں۔ ای-اُنّت پلیٹ فارم جموں و کشمیر کا اہم متحدہ ای گورننس پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے ایک ہی ڈیجیٹل نظام پر۱۷۰۰ے زائد شہری مرکز خدمات دستیاب ہیں۔ محکمہ نے یہ بھی بتایا کہ قومی ای-سروسز ڈیلیوری اسسمنٹ کی درجہ بندی میں جموں و کشمیر نے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جموں و کشمیر کے۳۸ء۶۸ لاکھ صارفین ڈیجی لاکر پر رجسٹرڈ ہیں، جہاں۲۴۰ خدمات آن لائن دستیاب ہیں اور۹۳ لاکھ سے زائد تعلیمی ریکارڈ تک رسائی ممکن ہے۔ موبائل دوست ایپلی کیشن کے ذریعے اسمارٹ فونز پر۱۵۴۸ سرکاری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ کامن سروس سینٹرز کے نیٹ ورک نے جائزے کی مدت کے دوران۶۲ لاکھ سے زائد شہریوں کو خدمات فراہم کی ہیں۔
ڈیجیٹل حکمرانی کے اقدامات میں پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کاغذ سے پاک انتظامیہ کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا اور محکمہ کو موجودہ کاغذی نظام سے کاغذ سے پاک ای-کابینہ نظام کی طرف منتقل ہونے کی ہدایت دی۔
سائبر سکیورٹی کو ڈیجیٹل حکمرانی کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے تمام سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کے باقاعدہ سکیورٹی آڈٹ پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ سکیورٹی آڈٹ کی مدت ختم ہونے سے دو ماہ قبل پہلا یاددہانی پیغام اور ایک ماہ قبل دوسرا یاددہانی پیغام جاری کرنے کا منظم نظام قائم کیا جائے، تاکہ آڈٹ کی بروقت تجدید اور ضابطوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے جاری اور مجوزہ تمام منصوبوں کے لیے واضح مدت مقرر کرنے اور غیر ضروری تاخیر سے بچنے کے لیے عمل درآمد کی باقاعدہ نگرانی پر بھی زور دیا۔
سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کو زیادہ صارف دوست، قابل رسائی اور شہریوں کے لیے آسان بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مقصد خدمات کی فراہمی کو آسان بنانا اور صارفین کو بغیر کسی رکاوٹ کے سہولت فراہم کرنا ہونا چاہیے۔
انہوں نے سرکاری ویب سائٹس، پورٹلز اور ایپلی کیشنز کی باقاعدہ دیکھ بھال، اپ ڈیٹ اور ہموار کارکردگی کے حوالے سے محکمہ آئی ٹی اور متعلقہ محکموں کی ذمہ داری اور جواب دہی بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
محکمہ نے وزیر اعلیٰ کو اہم اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی، جن میں سرکاری خدمات کو واٹس ایپ کے ساتھ مربوط کرنا، اسٹیٹ ڈیٹا سینٹر کی توسیع، سرکاری ایپلی کیشنز کو میگھ راج کلاؤڈ پر منتقل کرنا، جموں و کشمیر سکیورٹی آپریشنز سینٹر کو مضبوط بنانا اور بھارت نیٹ و ۴جی سیچوریشن منصوبوں پر عمل درآمد شامل ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ شناخت کی گئی۱۰۹؍ایپلی کیشنز میں سے۵۴ کو کلاؤڈ بنیادی ڈھانچے پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی ایپلی کیشنز کی منتقلی مختلف مراحل میں ہے، جن میں سکیورٹی آڈٹ اور صارفین کی قبولیت کی جانچ بھی شامل ہے۔
محکمہ نے وزیر اعلیٰ کو آئی آئی ٹی جموں میں ان کے ہاتھوں افتتاح کیے گئے اے آئی سینٹر آف ایکسی لینس کی پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا، جبکہ صحت، زراعت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور عوامی حکمرانی سمیت مختلف شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے مجوزہ استعمال سے متعلق بھی تفصیلات پیش کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ نے جاری ڈیجیٹل اقدامات کو بہتر حکمرانی، انتظامی کارکردگی میں اضافے اور عوامی خدمات تک آسان رسائی میں تبدیل کرنے کے لیے مربوط اور نتائج پر مبنی حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا۔










