دبئی، 17 نومبر (یواین آئی) بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہندوستانی تیز گیندباز گرنور برار کو ماؤنٹ ماؤنگانوئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ کے دوران آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی سطح اول کی خلاف ورزی پر سرزنش کی ہے۔
برار کو کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لیے مقررہ آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا گیا۔ یہ ضابطہ کسی بین الاقوامی میچ کے دوران بلے باز کے آؤٹ ہونے پر ایسے الفاظ، حرکات یا اشاروں کے استعمال سے متعلق ہے، جو اس کی توہین کا باعث بنیں یا اسے جارحانہ ردعمل دینے پر اکسا سکتے ہوں۔
اس کے علاوہ برار کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ ان کی دوسری خلاف ورزی ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
یہ واقعہ جمعہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے کے 12ویں اوور کے اختتام پر ٹم سیفرٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد پیش آیا۔ برار نے جارحانہ انداز میں جشن منایا، جسے بلے باز کی تضحیک کرنے والا عمل تصور کیا جا سکتا تھا اور اس کے نتیجے میں بلے باز بھی اسی طرح جارحانہ ردعمل دے سکتا تھا۔
برار نے اپنی غلطی تسلیم کر لی اور امارات آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے رنجن مدوگلے کی جانب سے دی گئی سزا بھی قبول کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔
میدانی امپائروں کرس براؤن اور کمار دھرماسینا، تھرڈ امپائر پال ریفیل اور فورتھ امپائر وین نائٹس نے برار کے خلاف الزامات عائد کیے تھے۔







