سرینگر؍۱۶نومبر
محکمہ اسکول ایجوکیشن کشمیر نے وادی کے سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے نیا حکم نامہ جاری کیا ہے، جس کے تحت تمام اسکول۱۷ نومبر۲۰۲۶سے نئے اوقاتِ کار کے مطابق کام کریں گے۔
ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ایک حکم نامےکے مطابق، کشمیر صوبے کے دیہی اور شہری علاقوں میں قائم تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی تعلیمی اداروں کے لیے نئے اوقاتِ کار مقرر کیے گئے ہیں۔
حکم نامے کے مطابق نرسری سے آٹھویں جماعت تک کی تدریسی سرگرمیاں صبح ساڑھے دس بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک جاری رہیں گی، جبکہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے اسکول کا وقت صبح ساڑھے دس بجے سے سہ پہر ساڑھے تین بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
محکمہ نے تمام متعلقہ تعلیمی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے اوقاتِ کار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور مقررہ نظام الاوقات میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کریں۔
یہ حکم نامہ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔(ایجنسیا ں )










