نئی دہلی، 11 نومبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کا ہدف 31 دسمبر 2029 تک ملک کو منشیات سے پاک بنانا ہے، جبکہ گجرات کو اس سے ایک سال پہلے یعنی 31 دسمبر 2028 تک منشیات سے پاک بنانے کی ذمہ داری لینی ہوگی۔
مسٹر شاہ نے پیر کو احمد آباد میں منشیات کی فروخت اور استعمال سے متعلق اطلاع دینے کے لیے 1033 ہیلپ لائن نمبر جاری کرتے ہوئے کہا کہ اطلاع دینے والے کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر احمد آباد میں تقریباً 1,400 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ان میں احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے تقریباً 1,024 کروڑ روپے اور گجرات حکومت و مرکزی حکومت کے اشتراک سے تقریباً 400 کروڑ روپے کے کام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ شہریوں، اساتذہ اور والدین کی شمولیت بھی ضروری ہے۔ اساتذہ بچوں کے رویے میں تبدیلی نظر آنے پر ان کی جانچ کرائیں اور والدین سے رابطہ کریں۔ منشیات کی لت سے متاثرہ نوجوانوں کے علاج کے لیے نشہ چھڑانے کے مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ایسے نوجوانوں کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔
مسٹر شاہ نے بتایا کہ آئندہ یکم دسمبر سے منشیات سے متعلق شکایات پر کارروائی کے لیے کنٹرول روم شروع کیا جائے گا۔ اطلاع موصول ہونے کے تین گھنٹے کے اندر کارروائی کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی نگر لوک سبھا حلقے میں گزشتہ سات برسوں کے دوران 25 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں۔ راماپیر ٹیکرا میں جھگی جھونپڑیوں میں رہنے والوں کو پکے مکانات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد 55 ہزار سے زائد افراد کو ایک ہی کمپلیکس میں تعلیم، صحت، تفریح اور سماجی تحفظ کی سہولتیں حاصل ہوں گی۔









