نئی دہلی، 27 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان اور سنگاپور کی بحری افواج کے درمیان 33ویں دوطرفہ بحری فوجی مشق سمبیکس۔2026′ وشاکھاپٹنم میں اختتام پذیر ہوگئی۔
وزارت دفاع نے منگل کو بتایا کہ ہندوستانی بحریہ کی میزبانی میں پیر کو منعقدہ اس مشق کے دوران خلیج بنگال میں سمندری سلامتی سے متعلق متعدد جنگی مشقیں انجام دی گئیں۔ اس سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون اور مشترکہ کارروائیاں انجام دینے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں مدد ملی۔
یہ مشق دو مراحل میں منعقد ہوئی۔ بندرگاہ پر منعقدہ پہلے مرحلے میں ماہرین کے درمیان تبادلۂ خیال، ایک دوسرے کے جہازوں کا دورہ، پیشہ ورانہ گفتگو، کھیلوں کی سرگرمیاں اور مشق کی منصوبہ بندی سے متعلق کانفرنسیں شامل تھیں۔ دوسرے مرحلے میں خلیج بنگال میں سمندری ناکہ بندی کی کارروائیوں، آبدوز شکن جنگی مشقوں، فضائی اور سطحِ آب سے ہونے والے حملوں سے نمٹنے کی مشق، بحری کارروائیوں اور ایک دوسرے کے جہازوں سے طیاروں کی پروازوں کی مشق کی گئی۔
اس مشق میں سنگاپور کی بحریہ کا فارمڈیبل کلاس کا اسٹیلتھ فریگیٹ آر ایس ایس سپریم، ایس ایچ۔70 بی ہیلی کاپٹر کے ساتھ شامل ہوا۔ ہندوستانی بحریہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ اسٹیلتھ فریگیٹ آئی این ایس نیلگری، آبدوز شکن جنگی جہاز آئی این ایس کمورتا، پی۔8 آئی اور ڈورنیئر سمندری گشتی طیاروں، ہاک جدید جیٹ تربیتی طیارے اور ایم ایچ۔60 آر ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔
اس دوران سنگاپور کی بحریہ کے فلیٹ کمانڈر کرنل برٹرم آنگ نے مشرقی بحری بیڑے کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ ریئر ایڈمرل وشال بشنوئی سے ملاقات کی۔ دونوں نے بحری تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات سے متعلق امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔
سمبیکس دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون، مشترکہ کارروائیوں کی صلاحیت اور پیشہ ورانہ تال میل بڑھانے کا ایک اہم پلیٹ فارم رہا ہے۔ اس مشق نے بحر ہند کے خطے میں سمندری سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کی بھی عکاسی کی۔







