نئی دہلی، 27 اکتوبر (یواین آئی) دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو کہا کہ چھٹھ مہاپرو کے دوران عقیدت مندوں کی سہولت، تحفظ اور صفائی ستھرائی کے معاملے میں کسی بھی طرح کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
محترمہ گپتا نے افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کے بعد کہا کہ چھٹھ مہاپرو لاکھوں عقیدت مندوں کے عقیدے سے وابستہ ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ برت رکھنے والوں اور ان کے اہل خانہ کو پوجا کے لیے صاف ستھرا، محفوظ اور سہولت بخش ماحول فراہم کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ تمام اہم تیاریاں پوجا سے دو دن پہلے مکمل کرلی جائیں اور افسران محض کاغذی رپورٹوں پر انحصار کرنے کے بجائے چھٹھ گھاٹوں کا موقع پر جاکر معائنہ کریں۔ افسران نے بتایا کہ چھٹھ پوجا 13 سے 16 نومبر تک منعقد ہوگی۔
میٹنگ میں ہدایت دی گئی کہ چھٹھ گھاٹوں کی تیاریاں 6 نومبر تک اس مرحلے میں مکمل کرلی جائیں کہ اس کے بعد صرف پانی بھرنے، خیمے لگانے اور آخری مرحلے کی صفائی جیسے کام باقی رہیں۔ وزیراعلیٰ نے خواتین کے لیے مناسب تعداد میں کپڑے تبدیل کرنے کے کمرے اور بیت الخلا کے علاوہ بڑے گھاٹوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ گھاٹوں اور ان کے آس پاس کے علاقوں میں شام کے اَرگھ (سورج کو نذر پیش کرنے) سے پہلے، شام کی پوجا کے بعد اور صبح کے اُوشا اَرگھ کے فوراً بعد صفائی کرائی جائے۔ 15 اور 16 نومبر کو عقیدت مندوں کی ممکنہ بھاری بھیڑ کے پیش نظر صفائی ملازمین اور اضافی ٹیموں کو 24 گھنٹے سرگرم رکھنے، مناسب تعداد میں بڑے کچرا دان نصب کرنے اور کچرے کو مسلسل ٹھکانے لگانے کی ہدایت دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے چھٹھ گھاٹوں تک پہنچنے والی سڑکوں کی مرمت، گڑھوں اور ملبے کو ہٹانے اور گردوغبار پر قابو پانے کے لیے باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گھاٹوں تک آنے جانے والے راستوں پر مناسب روشنی کا انتظام ہونا چاہیے اور کسی بھی راستے پر اندھیرا یا تاریک مقام نہیں رہنا چاہیے۔






