نئی دہلی، 27 اکتوبر (یواین آئی) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ملک میں معذور کرکٹ کو فروغ دینے کی سمت پہل کی ہے۔ بورڈ نے اپنے تمام رکن کرکٹ ایسوسی ایشنز سے معذور کرکٹ کھلاڑیوں کی فلاح، ترقی اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ معذور کرکٹ کونسل آف انڈیا (ڈی سی سی آئی) نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کرکٹ کو مزید جامع بنانے کی سمت میں اہم قدم قرار دیا ہے۔
بی سی سی آئی کے اعزازی سکریٹری دیوجیت سَیکیا نے 26 اکتوبر کو رکن ایسوسی ایشنز کو خط لکھ کر معذور کھلاڑیوں کی شرکت بڑھانے اور انہیں حوصلہ افزائی، مدد اور کھیل میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی اپیل کی۔ یہ معاملہ 18 ستمبر کو ممبئی میں بی سی سی آئی کی 95ویں سالانہ جنرل میٹنگ میں بھی اٹھایا گیا تھا۔
ڈی سی سی آئی کے سکریٹری روی کانت چوہان اور جوائنٹ سکریٹری ابھیے پرتاپ سنگھ نے اس پہل کے لیے بی سی سی آئی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے معذور کرکٹ کھلاڑیوں کو بہتر مواقع ملیں گے اور ان کی صلاحیتوں کو وسیع پیمانے پر شناخت حاصل ہوگی۔
ڈی سی سی آئی کے سکریٹری روی کانت چوہان نے کہا، ”معذور کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے ہم بی سی سی آئی کے شکر گزار ہیں۔ یہ اقدام کرکٹ کو مزید جامع بنانے اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی سمت میں اہم قدم ہے۔ اس سے ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارنے اور کھلاڑیوں کو ملک کی نمائندگی کے لیے حوصلہ ملے گا۔”
ڈی سی سی آئی کے جوائنٹ سکریٹری ابھیے پرتاپ سنگھ نے کہا کہ بی سی سی آئی کا یہ اقدام معذور کرکٹ کی ترقی کے تئیں مثبت عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشنز کھلاڑیوں کو سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں گی، تاکہ وہ اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔
ڈی سی سی آئی نے کہا کہ اس پہل کی حقیقی کامیابی ریاستی ایسوسی ایشنز کی سطح پر اس کے مؤثر نفاذ پر منحصر ہوگی۔ کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات، باقاعدہ حوصلہ افزائی اور زیادہ شرکت کے مواقع ملنے سے ملک میں معذور کرکٹ کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
ڈی سی سی آئی نے امید ظاہر کی کہ بی سی سی آئی کی یہ پہل ملک میں معذور کرکٹ کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی اور کھیل کو مزید قابل رسائی اور جامع بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔






