سرینگر؍۲۳ ؍اکتوبر
جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کو ضلع پلوامہ میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے۲۳ ڈمپر اور ایک کھدائی مشین ضبط کرلی۔ یہ گاڑیاں غیر مجاز طور پر مٹی نکالنے کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں۔
ایک پولیس ترجمان کے مطابق، ایس ایس پی پلوامہ کی ہدایت پر پولیس نے غیر قانونی طور پر مٹی اور معدنیات نکالنے کی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے روہمو علاقے کے مختلف مقامات پر صبح سویرے چھاپے مارے۔
کارروائی کے دوران پولیس ٹیم نے پلوامہ کے گسو علاقے میں غیر قانونی طور پر مٹی نکالنے کا عمل روک کر موقع سے۲۳ ڈمپر/ٹپر اور ایک کھدائی مشین ضبط کرلی۔
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مٹی نکالنے کا کام اجازت نامے میں درج مقررہ شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انجام دیا جا رہا تھا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پلوامہ میں متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حقائق کا پتہ لگانے کے ساتھ ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )









