نئی دہلی، 21 اکتوبر (یو این آئی) واٹر پیوریفائر کے کاروبار سے اپنی شناخت بنانے والی کمپنی کینٹ آر او سسٹمز لمیٹڈ نے اب گھریلو توانائی کے شعبے میں قدم رکھتے ہوئے بدھ کو بیٹری اور انورٹر پیش کرنے کا اعلان کیا۔
کمپنی نے اس مقصد کے لیے اپنے نئے شعبے ‘کینٹ نیو انرجی کا آغاز کرتے ہوئے لیتھیم بیٹریاں، شمسی توانائی سے چلنے والے ہائبرڈ انورٹر اور بجلی کی فراہمی کے جدید متبادل نظام پیش کیے ہیں۔ اس سے پہلے کمپنی واٹر پیوریفائر اور کم بجلی خرچ کرنے والے بی ایل ڈی سی پنکھے تیار کرتی رہی ہے۔
شمسی توانائی ذخیرہ کرنے کا نظام چھت پر شمسی بجلی گھر لگانے والے گھروں میں بجلی محفوظ رکھنے اور ایئر کنڈیشنر نیز پانی کے پمپ جیسے زیادہ بجلی خرچ کرنے والے آلات چلانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ کینٹ نیو انرجی کی دوسری مصنوعات میں بجلی کا متبادل نظام شامل ہے، جس کے تحت گھریلو انورٹر اور یو پی ایس میں استعمال کے لیے جدید لیتھیم بیٹریاں اور نئے انورٹر پیش کیے گئے ہیں۔ دونوں مصنوعات میں موبائل ایپ کے ذریعے نگرانی اور جدید ذہین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
کینٹ آر او نے لیتھیم بیٹریوں اور انورٹر کی تیاری کے لیے نوئیڈا کے سیکٹر 159 میں تقریباً 250 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ 6 ایکڑ رقبے پر پھیلے اس کارخانے میں تقریباً 3 لاکھ مربع فٹ پر مکمل طور پر ہوا کو ٹھنڈا رکھنے والی پیداواری سہولت تیار کی گئی ہے۔ اس کارخانے کی موجودہ سالانہ پیداواری صلاحیت 3.5 گیگاواٹ آور ہے، جسے اگلے 6 ماہ میں بڑھا کر 10 گیگاواٹ آور کرنے کا منصوبہ ہے۔
کینٹ آر او سسٹمز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مہیش گپتا نے کہا، ”ہمارا مقصد کینٹ پر صارفین کے برسوں پرانے اعتماد کو آگے بڑھاتے ہوئے روزمرہ زندگی کی 3 بنیادی ضرورتوں، یعنی پانی، ہوا اور بجلی کے شعبوں میں اپنی خدمات کو وسعت دینا ہے۔ ہم نے خاندانوں تک صاف پینے کا پانی پہنچانے سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔ اب ہم انہیں اپنے گھروں میں توانائی پیدا کرنے، اسے محفوظ رکھنے اور اس کا بہتر انتظام کرنے کے قابل بنانا چاہتے ہیں۔”







