نئی دہلی، 21 اکتوبر (یواین آئی) سنٹرل سکریٹریٹ میدان، وِنَے مارگ میں منعقدہ پہلے اترانچل کپ سیون اے سائیڈ فٹ بال ٹورنامنٹ کا خطاب گرین ویلی کلب نے جیت لیا۔ ماتا پاروتی دیوی چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام ٹورنامنٹ میں دہلی-این سی آر کی آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔
فائنل میں گرین ویلی اور اولڈ مونک کے درمیان مقررہ وقت تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جس کے بعد گرین ویلی نے ٹائی بریکر میں 3-2 سے کامیابی حاصل کرکے خطاب اپنے نام کیا۔ سیمی فائنل میں اولڈ مونک نے سیکنڈ اِننگ کو جبکہ گرین ویلی نے نوئیڈا ویٹرنز کو شکست دی۔
ٹورنامنٹ میں ماضی کے کئی معروف کھلاڑیوں کی شرکت بھی توجہ کا مرکز رہی۔ 1970 اور 1980 کی دہائی میں دہلی کے مختلف معروف کلبوں اور محکمہ جاتی ٹیموں کی نمائندگی کرنے والے سابق کھلاڑیوں نے میچوں میں شرکت کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
ماتا پاروتی دیوی چیریٹیبل ٹرسٹ کے بانی مہاویر سنگھ رانا، وکرم رانا اور آشوتوش راوت نے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ معروف کوچ پی ایس پوری نے میچوں کی نگرانی کی۔




