نئی دہلی، 21 اکتوبر (یواین آئی) موبائل کریشیز کے 50 مراکز کے تقریباً 1200 بچوں نے نئی دہلی کے تیاگ راج اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ سالانہ کھیلوں کے پروگرام ‘کھیلتے رہو، کِھلتے رہو’ میں شرکت کی۔ اس پروگرام میں کھیل، ٹیم اسپرٹ اور بچوں کی شرکت کے جذبے کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر تعمیراتی مزدوروں، اینٹ بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں اور دیگر محنت کش طبقوں کے بچوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو اپنی صلاحیتیں پہچاننے کے ساتھ نظم و ضبط، ثابت قدمی، خود اعتمادی اور ٹیم اسپرٹ جیسے اوصاف پروان چڑھانے کا موقع ملا۔
ہندوستانی پہلوان اور ارجن ایوارڈ یافتہ پوجا ڈھانڈا نے کہا کہ بچوں کو کھیلوں میں حصہ لینے اور مل کر کھیلنے کی خوشی کا موقع فراہم کرنا قابل تعریف ہے۔ کھیل بچوں کو نظم و ضبط، ٹیم اسپرٹ اور خود اعتمادی سمیت زندگی کی اہم مہارتیں سکھاتے ہیں اور ہر بچے کو اپنی صلاحیت پہچاننے کا موقع ملنا چاہیے۔
موبائل کریشیز کی سی ای او سُمترا مشرا نے کہا کہ ہر بچے کو کھیلنے، سیکھنے اور آگے بڑھنے کا موقع ملنا چاہیے۔ کھیل اور جسمانی سرگرمیاں بچوں کی جسمانی، سماجی اور جذباتی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ پروگرام کا اختتام انعامات کی تقسیم کے ساتھ ہوا، جس میں بچوں کی شرکت اور کھیل کے جذبے کو سراہا گیا۔



