سرینگر؍۲۰؍اکتوبر
جموں و کشمیر حکومت نے منگل کے روز موسم سرما کے لیے سالانہ دربار موو کے تحت سرینگر سے جموں دفاتر کی منتقلی کا حکم جاری کیا ہے۔ اس کے تحت تمام نامزد سرکاری دفاتر۲ نومبر کو سرمائی دارالحکومت جموں میں دوبارہ کھلیں گے۔
حکومت کے ایک حکم نامےکے مطابق، دو ضمیموں میں درج دفاتر مکمل طور پر یا کیمپ انتظام کے تحت جموں منتقل ہوں گے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ہفتے میں پانچ دن کام کرنے والے دفاتر۳۰؍اکتوبر کو دفتری اوقات کے اختتام پر سرینگر میں بند ہوجائیں گے، جبکہ چھ روزہ ہفتے والے دفاتر۳۱؍اکتوبر کو بند ہوں گے۔
کیمپ انتظام کے تحت، متعلقہ محکموں کے عموماً۳۳ فیصد ملازمین یا۱۰؍ اہلکاروں، جو بھی تعداد کم ہو، کو جموں منتقل کیا جائے گا، تاہم جہاں حکم نامے میں الگ ہدایت دی گئی ہو وہاں اس پر عمل ہوگا۔
حکومت نے جموں منتقل ہونے والے ہر اہل ملازم کے لیے یکساں طور پر۲۵ ہزار روپے خصوصی سفری الاؤنس مقرر کیا ہے۔ دربار موو میں شامل دفاتر کے ملازمین کی اکتوبر کی تنخواہیں۲۹؍اکتوبر کو نکالی جائیں گی۔
حکم نامے کے مطابق، جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (جے کے آر ٹی سی) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ملازمین کی نقل و حمل کیلئے۳۱؍اکتوبر اور یکم نومبر کو اچھی حالت میں کافی تعداد میں بسوں کا انتظام کرے۔ پیشگی ٹکٹوں کی بکنگ۲۷؍اکتوبر سے شروع ہوگی۔
حکومت نے مزید ہدایت دی ہے کہ ملازمین کے قافلوں کے ساتھ ایک کرین، دو خالی بسیں اور موبائل ورکشاپ کی سہولیات بھی موجود رہیں گی، تاکہ سفر کے دوران کسی گاڑی میں خرابی پیدا ہونے کی صورت میں فوری مدد فراہم کی جاسکے۔
جموں و کشمیر پولیس ان قافلوں کو حفاظتی حصار فراہم کرے گی اور بانہال۔قاضی گنڈ ٹنل اور ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی ٹنل سے ترجیحی بنیادوں پر گزرنے کو یقینی بنائے گی۔
موسم سرما کے دوران وادی کشمیر میں انتظامی امور جاری رکھنے کے لیے محکمہ عمومی انتظامیہ سرینگر کے سول سیکریٹریٹ میں سرمائی سیکریٹریٹ قائم کرے گا۔
حکم نامے کی شرائط کے مطابق، ہر محکمہ اس مقصد کے لیے ایک گزٹیڈ اور چار نان گزٹیڈ ملازمین کو سرینگر میں برقرار رکھے گا۔
جموں میں دفاتر دوبارہ کھلنے کے بعد سول سیکریٹریٹ اور اس کی عمارت میں واقع محکموں کے سربراہان کے دفاتر صبح۹:۳۰بجے سے شام۵:۳۰بجے تک کام کریں گے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سول سیکریٹریٹ سے باہر واقع جموں منتقل ہونے والے وہ محکموں کے سربراہان کے دفاتر، جہاں ہفتے میں چھ دن کام ہوتا ہے، صبح۱۰بجے سے شام۴:۳۰ بجے تک کام کریں گے۔
دربار موو جموں و کشمیر میں سرکاری دفاتر کی موسمی منتقلی کی روایت ہے، جس کے تحت حکومت موسم گرما میں سرینگر اور موسم سرما میں جموں سے کام کرتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔
(ندائے مشرق خبر)










