سرینگر کرکٹ اسٹیڈئم میں راون، کمبھ کرن اور میگھناد کے پتلے نذرِ آتش
(ویب ڈیسک)
سرینگر؍۲۰؍اکتوبر
حکام نے بتایا کہ کشمیر میں مقیم کشمیری پنڈتوں اور دیگر ہندوؤں نے منگل کو دسہرہ کا تہوار منایا، جو برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے۔
حکام کے مطابق، کشمیری پنڈت سنگھرش سمیتی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں شرکت کے لیے سیاحوں سمیت سینکڑوں افراد شیرِ کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم پہنچے۔
اس موقع پر اسٹیڈیم کے پریکٹس گراؤنڈ میں راون، کمبھ کرن اور میگھناد کے بڑے بڑے پتلے نذرِ آتش کیے گئے۔ پتلے جلائے جانے کے دوران وہاں موجود لوگوں نے پرجوش نعرے لگائے۔
ادھر جموں شہر میں بھی منگل کو دسہرہ روایتی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔
اس موقع پر ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے گونجتے رہے اور برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت کے طور پر راون، اس کے بھائی کمبھ کرن اور بیٹے میگھناد کے بڑے پتلے جلائے گئے۔
جموں میں پریڈ گراؤنڈ پر وجے دشمی کی مرکزی تقریب میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ اور جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر و رکن پارلیمنٹ ست شرما نے شرکت کی۔ پتلے نذرِ آتش کرنے سے قبل یہاں رام لیلا کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا، جس میں بھگوان رام کی جانب سے راون کو شکست دینے کے واقعے کو پیش کیا گیا۔
تقریبات دیکھنے کے لیے سینکڑوں افراد پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔ اس موقع پر مذہبی نعرے لگائے گئے اور آتش بازی سے بھرے پتلے شعلوں کی نذر ہونے پر حاضرین نے خوشی کا اظہار کیا۔
۔۔۔۔۔










