راجوری/جموں؍۲۰ ؍اکتوبر
جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے ایک دور افتادہ گاؤں میں منگل کے روز ایک مندر کے قریب لاوارث حالت میں دستی بم برآمد ہوا، جس کے بعد پولیس نے بم ناکارہ بنانے والے دستے کو موقع پر روانہ کیا۔
حکام کے مطابق، چھتیار گاؤں میں مندر کے قریب تعمیراتی سامان سے کھیل رہے بعض بچوں کی نظر دستی بم پر پڑی۔
حکام نے بتایا کہ گاؤں کے سربراہ نے بعد ازاں مقامی پولیس تھانے کو اس بارے میں اطلاع دی، جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم بم ناکارہ بنانے والے دستے کے ہمراہ علاقے میں پہنچ گئی۔
حکام کے مطابق، بعد میں دستی بم کو قریب ہی ایک ویران مقام پر قابو شدہ دھماکے کے ذریعے تباہ کردیا گیا۔ اس واقعے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ دستی بم گاؤں تک کیسے پہنچا۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق شبہ ہے کہ دستی بم تعمیراتی سامان کے ساتھ گاؤں میں پہنچا تھا۔ (ایجنسیاں)
۔۔۔۔۔۔










