جموں؍۱۹؍ اکتوبر
جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں اسپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) کے قتل کے الزام میں پولیس نے ایک شخص اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق، قتل کے پیچھے زمین کا تنازع ہونے کا شبہ ہے۔
حکام نے بتایا کہ ایس پی او بشیر احمد کی گلا کٹی لاش۱۶؍اکتوبر کو تریگام جنگل کے سیران وانی علاقے میں ایک گڑھے سے برآمد ہوئی تھی۔ انہیں ایک روز قبل اس وقت لاپتہ بتایا گیا تھا جب وہ مقامی پولیس چوکی سے اپنی ڈیوٹی کا اسلحہ لے کر واپس جا رہے تھے۔ بعد ازاں مقتول کا سرکاری اسلحہ بھی جنگل کے علاقے سے برآمد کیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ۱۰۳(۱)کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا، ’’بشیر احمد ڈار اور ان کے بیٹے نذیر احمد ڈار، دونوں سیران وانی کے رہائشی ہیں، کو حراست میں لیا گیا۔ ان سے پوچھ گچھ کے دوران قتل کی سازش اور اس کے محرکات کا انکشاف ہوا۔‘‘
ترجمان نے مزید کہا کہ ملزمان کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور مقتول کا چھپایا گیا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، گرفتار ملزمان مقتول کے دور کے رشتہ دار ہیں اور گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے درمیان زمین کے تنازع پر اختلافات چل رہے تھے۔
۔۔۔۔۔










