نئی دہلی، 17 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ مردم شماری 2027 کے درمیان شمار کنندگان کی اہلیت میں توسیع، بیلگام میں آر ایس ایس کا مردم شماری سے متعلق تربیتی کیمپ اور ڈیموگرافک یاآبادیاتی تبدیلیوں پر مرکزی حکومت کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سرگرمیاں کئی سوالات کھڑے کرتی ہیں۔
کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ آر ایس ایس نے بیلگام میں 10 سے 12 جولائی تک مردم شماری 2027 کےتعلق سے ایک تربیتی کیمپ منعقد کیا تھا۔ اس کے بعد مرکزی حکومت نے شمار کنندگان کے لیے اہلیت کا دائرہ بڑھایا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ان واقعات کو الگ الگ کر کے نہیں دیکھا جا سکتا اور الزام لگایا کہ اہلیت میں یہ توسیع آر ایس ایس اور بی جے پی سے وابستہ ہزاروں کارکنوں کے لیے روزگار کی فراہمی کی ایک مشق ہو سکتی ہے۔
مسٹر رمیش نے 26 مئی کو تشکیل دی گئی آبادیاتی تبدیلیوں پر اعلیٰ سطحی کمیٹی اور 14 اکتوبر کو اس کی جانب سے تجاویز طلب کیے جانے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ ان پیش رفت کا اثر مردم شماری کی غیر جانبدارانہ شفافیت پر پڑ سکتا ہے۔








