ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ کو تمل ناڈو، پڈوچیری اور جنوبی اندرونی کرناٹک کے کچھ علاقوں میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اگلے 6 سے 7 دنوں تک کئی جنوبی ریاستوں میں وسیع پیمانے پر بارش اور آندھی طوفان کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی نے ہفتہ کی صبح جاری اپنے موسم سے متعلق بلیٹن میں 17 سے 20 اکتوبر کے درمیان تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں، جبکہ 17 اکتوبر کو جنوبی اندرونی کرناٹک میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
موسم کی پیش گوئی کے مطابق 17 سے 23 اکتوبر تک کیرالہ اور ماہے میں، 17 سے 19 اکتوبر تک ساحلی کرناٹک میں، 18 سے 23 اکتوبر تک جنوبی اندرونی کرناٹک میں اور 20 سے 23 اکتوبر تک لکشدیپ میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ ساحلی آندھرا پردیش اور رائل سیما میں 17 اور 18 اکتوبر کو شدید بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 21 سے 23 اکتوبر کے دوران تمل ناڈو، پڈوچیری اور کارائیکل میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، 17 سے 22 اکتوبر کے درمیان ساحلی کرناٹک، کیرالہ، ماہے، لکشدیپ، جنوبی اندرونی کرناٹک، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں تیز سے لے کر بہت تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔ تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں 17 سے 22 اکتوبر کے دوران آندھی طوفان کے ساتھ بجلی گرنے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جن کی رفتار کبھی کبھی 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
ساحلی آندھرا پردیش اور رائل سیما میں بھی 17 اور 18 اکتوبر کو اسی طرح کے حالات رہنے کی امید ہے۔ ان دنوں کیرالہ، کرناٹک اور تلنگانہ میں بھی آندھی طوفان آسکتا ہے، جس کے دوران ہواؤں کی رفتار 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے اور کبھی کبھی یہ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، موجودہ موسمی حالات کے پیچھے بالائی فضا میں بننے والے کئی نظام ہیں۔ ان میں شمالی تمل ناڈو اور اس سے ملحق جنوبی ساحلی آندھرا پردیش کے اوپر بنا ایک گردابی نظام شامل ہے، جو سمندر کی سطح سے 5.8 کلومیٹر کی بلندی تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ شمالی لکشدیپ کے اوپر بھی ایک گردابی نظام بنا ہوا ہے اور شمالی کیرالہ، جنوبی اندرونی کرناٹک اور شمالی تمل ناڈو سے گزرتے ہوئے مغرب وسطی خلیج بنگال کی جانب ایک کم دباؤ کا خطہ بھی پھیلا ہوا ہے۔








