وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ایشیائی کھیل 2026 کے تمغہ فاتح ہندوستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کھیلوں کے دوران ان کے تجربات سنے۔ اس موقع پر انہوں نے خاص طور پر خاتون کھلاڑیوں کی کارکردگی کی ستائش کی۔
وزیراعظم نے یہاں میجر دھیان چند اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے برسوں میں ہزاروں کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا ہدف اولمپک کھیلوں کی میزبانی کرنا ہے۔ ہمارے خواب بڑے ہیں اور انہیں پورا کرنے کا اعتماد ہر ہندوستانی کے پاس ہے۔ جذبہ جب کامیابی میں تبدیل ہوتا ہے تو چہرے پر چمک آتی ہے۔ سب سے بڑی کامیابی ترنگے کی شان بڑھانا ہے۔ آپ نے ترنگے کی شان اور وقار بڑھایا ہے، اس لیے آپ کی کامیابی صرف آپ کی نہیں بلکہ ملک کے کروڑوں شہریوں کی کامیابی ہے۔ میں تمام اہل وطن کی جانب سے آپ سب کو ایک بار پھر مبارکباد دیتا ہوں اور آپ کے کوچ، معاون عملے اور اہل خانہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارے سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کی سالگرہ ہے اور ان کی زندگی اور وژن ہم سب کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے عبدالکلام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے طلائی تمغہ جیتنے والی خواتین اور مردوں کی ہاکی ٹیموں کی ستائش کی اور کرکٹ کی دونوں ٹیموں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کبڈی کی خواتین اور مردوں کی ٹیموں، نشانہ بازی، باکسنگ، ایتھلیٹکس میں نئے ریکارڈ اور 28 سال بعد ویٹ لفٹنگ میں تمغہ جیتنے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے ‘وی ول ڈو اٹ کا نعرہ دیا۔ انہوں نے کہا، ہر میدان پر ترنگے کی شان، کھیلوں میں ہندوستان کی نئی پہچان، ہر کھیل میں نئے چیمپئن، ہمارے نام اور نئے ریکارڈ۔ وہاں موجود کھلاڑیوں نے بھی ‘وی ول ڈو اٹ کا نعرہ بلند کیا۔
وزیراعظم نے خاتون کھلاڑیوں کی خصوصی طور پر ستائش کی۔ اس دوران ہرمن پریت کور نے وزیراعظم مودی کو خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے جرسی پیش کی، جبکہ خواتین ہاکی ٹیم نے انہیں ہاکی اسٹک دی۔ مرکزی کھیل وزیر ڈاکٹر من سکھ مانڈویہ نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور کھلاڑیوں کے لیے حکومت کی مختلف اسکیموں کا ذکر کیا۔





