نئی دہلی، 23 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے جاپان کے آئیچی-ناگویا میں جاری ایشیائی کھیلوں کے ویٹ لفٹنگ مقابلے کے 49 کلوگرام وزن کے زمرے میں بدھ کو چاندی کا تمغہ جیتنے والی اسٹار ایتھلیٹ میرابائی چانو کو مبارکباد دی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’میرابائی چانو کے لیے ایک خاص چاندی کا تمغہ۔ خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں تمغہ جیتنے پر انہیں مبارکباد۔ ان کا عزم اور مسلسل کارکردگی ملک کو تحریک دیتی رہتی ہے۔ ہندوستان کو ان پر فخر ہے۔ ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات۔‘‘
وزیر اعظم نے اس پلیٹ فارم پر میرابائی چانو کی تصویر بھی شیئر کی۔
وہیں ڈاکٹر مانڈویہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لکھا، ’’میرابائی چانو کے لیے تاریخی چاندی کا تمغہ۔ ایشیائی کھیل 2026 میں خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد۔
یہ ایشیائی کھیلوں میں ان کا پہلا تمغہ ہے اور 28 سال بعد ہندوستان کو ان کھیلوں میں ایک اور تمغہ ملا ہے! پورے ملک کو آپ پر فخر ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی اسٹار ایتھلیٹ میرابائی چانو نے بدھ کو ایشیائی کھیلوں میں خواتین کے 49 کلوگرام وزن کے زمرے میں مجموعی طور پر 198 کلوگرام وزن اٹھا کر چاندی کا تمغہ جیت لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس مقابلے میں تمغہ جیتنے کے 28 سال کے انتظار کو ختم کر دیا۔ اس سے پہلے 1998 میں کرنم ملیشوری نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
ٹوکیو 2020 اولمپک میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی میرابائی چانو نے ناگویا سٹی ٹریڈ اینڈ انڈسٹری سینٹر میں مجموعی طور پر 198 کلوگرام (87 کلوگرام اسنیچ، 111 کلوگرام کلین اینڈ جرک) وزن اٹھا کر ایشیائی کھیلوں میں اپنا پہلا تمغہ جیتا۔





