آئچی-ناگویا (جاپان)، 22 ستمبر (یواین آئی) ہندستان کی الیوینل والاریون اور پارتھ مانے کی جوڑی منگل کے روز یہاں ایشیائی کھیلوں میں 10 میٹر ایئر رائفل مکسڈ ٹیم مقابلے میں تمغہ جیتنے سے چُوک گئی اور فائنل میں چوتھے نمبر پر رہی۔
ہندستانی جوڑی، جس نے دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، کوالیفکیشن کی اپنی شاندار کارکردگی کو برقرار نہ رکھ سکی اور 376.3 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر رہی۔ وہ چین، جنوبی کوریا اور جاپان سے پیچھے رہے۔
الیوینل اور پارتھ نے اس سے پہلے کوالیفکیشن میں 634.6 پوائنٹس حاصل کر کے دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔ وہ چین کے وانگ زیفی اور شینگ لیہاؤ سے پیچھے رہے، جنہوں نے 638.9 کا نیا کوالیفکیشن ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا۔ جنوبی کوریا 633.2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، جبکہ جاپان نے چوتھا اور آخری مقام حاصل کیا۔
ہندستانی جوڑی نے فائنل میں سست شروعات کی اور اپنے ابتدائی 10 شاٹس میں 103.6 پوائنٹس بنائے۔ 20 شاٹس کے بعد وہ 207.9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے اور 30 شاٹس کے بعد بھی 312.3 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہی رہے، جس کے بعد وہ باہر ہو گئے۔
چین کے وانگ زیفی اور شینگ لیہاؤ نے 507.1 کے ورلڈ ریکارڈ فائنل اسکور کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ جنوبی کوریا کے بان ہیوجن اور پارک ہاجون نے 502.9 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ جاپان کے نائوکی ہاناکاوا اور میساکی نوباٹا نے 439.7 پوائنٹس کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔
چوتھا مقام حاصل کرنے سے پہلے، دونوں ہندستانی شوٹرز کھیلوں میں ہندستان کی شاندار شوٹنگ مہم میں اپنا تعاون دے چکے تھے۔
الیوینل نے خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم اور انفرادی مقابلے، دونوں میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا، جبکہ پارتھ ہندستان کی چاندی کا تمغہ جیتنے والی مردوں کی 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے انفرادی مقابلے میں کانسے کا تمغہ بھی جیتا تھا۔







