نئی دہلی، 08 ستمبر (یو این آئی) سائنس و ٹیکنالوجی اورارضیاتی سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیراعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے منگل کے روز کہا کہ ملک میں کینسر کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر بڑے شہروں سے باہر بھی کینسر کی جانچ، علاج اور دیکھ بھال کی سہولیات کی توسیع کرنا ضروری ہے۔
ایٹمی توانائی کے شعبے کی جانب سے آج بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر سنگھ نے ودیشا میڈیکل کالج میں ڈے کیئر کینسر سہولت کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ ملک میں کینسر کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے میٹرو شہروں سے باہر بھی کینسر کی جانچ، علاج اور دیکھ بھال کی سہولیات کی توسیع کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاٹا میموریل سینٹر (ٹی ایم سی) کے ذریعے ایٹمی توانائی کا شعبہ ملک کے مختلف حصوں میں کینسر کے علاج کی سہولیات کو مضبوط بنانے پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ودیشا میں شروع کی گئی سہولت جامع کینسر کی دیکھ بھال کے پروگرام کی سمت میں پہلا قدم ہے۔ ٹی ایم سی نے میڈیکل کالج کے لیے آلات اور ادویات کی خریداری، میڈیکل اور سرجیکل آنکولوجی، ریڈیو تھراپی، پیتھالوجی، کمیونٹی بیداری، کینسر رجسٹری اور پیلی ایٹیو کیئر سمیت ایک جامع لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ جون 2026 میں ٹی ایم سی کے ماہرین نے کینسر گیپ کیئر انالیسس کیا تھا۔ اس کے ساتھ منعقدہ اسکریننگ اور بیداری کیمپ میں 586 کینسر کے مریض اور 254 مشتبہ معاملات سامنے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کینسر کے علاج کے لیے تربیت یافتہ انسانی وسائل کی تیاری پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔ ودیشا کے دو ڈاکٹروں اور سات نرسنگ افسران نے ممبئی کے ایڈوانسڈ سینٹر فار ٹریٹمنٹ، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن ان کینسر میں آنکولوجی کی تربیت مکمل کر لی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ کینسر کا مقابلہ کرنے کے لیے صرف علاج ہی کافی نہیں ہے، بلکہ روک تھام اور ابتدائی تشخیص پر بھی یکساں توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے شہریوں اور معاشرے سے غذائی ملاوٹ جیسی سرگرمیوں کو روکنے میں تعاون کی اپیل کی، جو کینسر کے بوجھ کو بڑھا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایم سی کا کینسر کیئر نیٹ ورک اب سات ریاستوں میں 11 ادارہ جاتی یونٹوں تک پہنچ چکا ہے، جبکہ نیشنل کینسر گرڈ 380 سے زائد کینسر مراکز، تحقیقی اداروں اور دیگر تنظیموں کو جوڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ودیشا جیسی پہل کا مقصد لوگوں کو ان کے گھر کے قریب جامع اور معیاری کینسر کی دیکھ بھال فراہم کرنا ہے۔







