سرینگر، 27 اگست
محکمہ موسمیات کے مرکز نے جمعرات کو پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ۱۰ روز کے دوران جموں و کشمیر میں موسم مجموعی طور پر گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف مقامات پر مختصر وقفوں کے ساتھ بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
محکمہ کے مطابق۲۸ سے۳۰؍ اگست کے دوران صبح سویرے اور دوپہر کے اوقات میں مختلف مقامات پر مختصر وقفوں کے ساتھ بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی متوقع ہے۔
۳۱ ؍اگست اور یکم ستمبر کو موسم مجموعی طور پر گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ ایک یا دو مرتبہ بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران صبح سویرے اور دوپہر کے اوقات میں مختصر لیکن شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
۲ سے۷ستمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم صبح سویرے اور دوپہر کے اوقات میں مختلف مقامات پر مختصر وقفوں کے ساتھ بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کا امکان برقرار رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مرکز نے خبردار کیا ہے کہ۳۱؍اگست اور یکم ستمبر کو مقامی سطح پر ہونے والی مختصر مگر شدید بارش سے اچانک سیلاب، مٹی کے تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
محکمہ نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مقامی موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں کی کٹائی اور دیگر زرعی سرگرمیاں جاری رکھیں۔
دریں اثنا، جمعرات کو سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۲۹ء۳ ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم۱۶ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۲۷ء۲ڈگری، پہلگام میں۲۴ء۷ ڈگری، کپواڑہ میں۳۰ء۱ ڈگری، کوکرناگ میں۲۶ء۸ڈگری اور گلمرگ میں۲۰ء۳ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جموں ڈویژن میں جموں شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۳ ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم۲۴؍۳ ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بانہال میں۳۰ء۱ ڈگری، بٹوت میں۲۵ء۹ ڈگری، کٹرا میں۳۰ ڈگری، بھدرواہ میں۲۹ء۱ ڈگری اور کٹھوعہ میں۳۳ء۱ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
موسمیاتی بلیٹن کے مطابق گزشتہ۲۴گھنٹوں کے دوران اودھم پور میں سب سے زیادہ۵۱ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کٹھوعہ میں۲۴ء۲ ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مرکز نے کہا ہے کہ لوگوں، بالخصوص حساس اور خطرے سے دوچار علاقوں میں رہنے والے افراد کو شدید بارش کے دوران چوکس رہنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










