جموں/۲۷؍ اگست
جموں و کشمیر پولیس نے کٹھوعہ ضلع میں مویشیوں کی اسمگلنگ کی تین الگ الگ کوششیں ناکام بناتے ہوئے۴۹ مویشی بازیاب کر لیے اور ان کی مبینہ نقل و حمل میں استعمال ہونے والے تین ٹرک ضبط کر لیے۔
حکام کے مطابق تینوں ٹرک پنجاب سے آ رہے تھے، تاہم ناکہ بندی کے دوران پولیس کو دیکھتے ہی مبینہ اسمگلر گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پہلے واقعے میں پولیس نے جمعرات کو لکھن پور کے ڈسپیچ پوائنٹ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ایک ٹرک کو روکا۔ تلاشی کے دوران ٹرک میں غیر انسانی طریقے سے لادے گئے۱۷ مویشی برآمد ہوئے۔ پولیس نے مویشیوں کو بازیاب کرانے کے ساتھ ٹرک بھی ضبط کر لیا، جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن لکھن پور میں بھارتیہ نیایا سنہتا کی دفعہ۲۲۳؍اور انسدادِ ظلم برائے حیوانات ایکٹ کی دفعہ۱۱ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
دوسرے واقعے میں بدھ کے روز ہٹلی موڑ پر پولیس ناکے سے چند میٹر پہلے ڈرائیور نے ٹرک روک کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ تلاشی کے دوران ٹرک سے۱۷مویشی برآمد ہوئے، جنہیں بازیاب کرانے کے بعد گاڑی ضبط کر لی گئی۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کٹھوعہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
تیسری کارروائی ساون چک کے علاقے میں کی گئی، جہاں ناکے سے کچھ فاصلے پر ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے ٹرک سے۱۵مویشی برآمد کرکے انہیں بازیاب کرایا اور گاڑی ضبط کر لی۔ اس معاملے میں بھی پولیس اسٹیشن کٹھوعہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تینوں معاملات میں مزید تفتیش جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔










