نئی دہلی، 21 اگست (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کانگریس کے قومی گیت ‘وندے ماترم کے مکمل گانے کے بجائے صرف شروعات کے دو بند گائے جانے کے فیصلے کو غیر آئینی، افسوس ناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیاسی نقطہ نظر سے مستقبل میں سنگین بحران پیدا کرنے والا ہے۔
وزیر دفاع نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ میں اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ کوئی بھی قانون ہر شخص کے لیے واجب التعمیل ہوتا ہے۔ اگر کوئی قانون کو نہیں مانتا تو آئین کے تئیں اس کی وفاداری شک کے دائرے میں آ جاتی ہے اور اس کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان لگتا ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا، "کانگریس کے ذریعہ وندے ماترم کا احترام کرنے سے باضابطہ طور پر نہ صرف انکار کرنا، بلکہ براہ راست مخالفت کرنا، انتہائی افسوس ناک اور آئینی نقطہ نظر سے بہت سنگین معاملہ ہے۔ ہندوستان کے آئین کے مطابق، پارلیمنٹ ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے اور پارلیمنٹ سے منظور شدہ کوئی بھی قانون ہر شخص کے لیے واجب التعمیل ہے۔ اگر کوئی اسے ماننے سے انکار کرتا ہے تو یقیناً آئین کے تئیں اس کی وفاداری شک کے دائرے میں آ جاتی ہے اور اگر قومی ترانے کا احترام کرنے سے کوئی انکار کرتا ہے تو اس کی حب الوطنی پر بھی سوالیہ نشان لگ جاتا ہے۔”
وزیر دفاع نے کہا کہ کانگریس 1937 کی جس قرارداد کی بات کرتی ہے، وہ کانگریس نے مسلم لیگ کے بنیاد پرستی پرمبنی مطالبات کے آگے گھٹنے ٹیک کر منظور کی تھی اور اس کا خمیازہ مستقبل میں ملک کو تقسیم کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادپرست عناصر کے آگے سمجھوتہ کرنا، ہمیشہ ملک کے لیے مہلک ثابت ہوا ہے اور آج کانگریس جب بنیادپرست عناصر کے آگے اسی طرح خودسپردگی کر رہی ہے، تو یہ ملک کے مستقبل کے لیے سنگین خطرے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا، "میں مانتا ہوں کہ کانگریس کا یہ فیصلہ سراسر غیر آئینی اور قابل مذمت ہے ساتھ ہی سیاسی نقطہ نظر سے مستقبل میں ایک سنگین بحران پیدا کرنے والا ہے۔ وندے ماترم کی مخالفت کر کے کانگریس نے اپنے نا سمجھی بھرے خطرناک ارادوں کو ملک کے سامنے ظاہر کر دیا ہے۔”
قابل ذکر ہے کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے حال ہی میں منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کانگریس اپنے پروگراموں میں قومی گیت ‘وندے ماترم’ کو مکمل طورپر نہیں گائیگی اور پہلے کی طرح صرف شروعات کے دو بند ہی گائے جائیں گے۔ حکومت نے مانسون سیشن میں بل منظور کر کے قومی گیت ‘وندے ماترم’ کو قومی ترانے کے مساوی درجہ دیتے ہوئے اس کی توہین کرنے والے کے لیے سزا اور جرمانے کا التزام کیا ہے۔










