پہاڑی علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ
ایجنسیاں
سری نگر؍۱۴ جولائی
محکمہ موسمیات کے سری نگر مرکز نے۱۸جولائی سے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے فلیش فلڈ (اچانک سیلاب) کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کے مطابق۱۷ جولائی تک موسم عمومی طور پر گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
پیش گوئی کے مطابق۱۸ جولائی سے موسم میں تبدیلی آئے گی اور جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں جزوی سے مکمل ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔ جموں ڈویژن کے بعض علاقوں میں مختصر مدت کے لیے شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ نے کہا ہے کہ۲۰ سے۲۲ جولائی کے دوران بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے، جبکہ۲۱ جولائی کو بارشوں کا سلسلہ اپنے عروج پر ہوگا۔ اس دوران کشمیر اور جموں ڈویژن کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش یا شدید بارش کے مختصر دور بھی متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے۲۳ جولائی کو بھی بارش اور گرج چمک کے ایک اور سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ۱۸ جولائی کی رات‘۱۹ جولائی کی صبح اور پھر۲۰ سے۲۲ جولائی کے دوران، خاص طور پر شام کے بعد، رات گئے یا علی الصبح، بعض علاقوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ۲۰ سے۲۲ جولائی کے دوران چناب ویلی، پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے اور کشمیر ڈویژن کے بعض پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ندی نالوں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر احتیاط برتیں اور اس عرصے کے دوران محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی تازہ موسمی ہدایات پر عمل کریں۔










