نئی دہلی، 18 مئی (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کیرالہ میں کانگریس رہنما وی ڈی ستیشن کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر انہیں مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ریاست میں ترقی، ہمہ جہت خوشحالی اور عوامی بہبود کو مزید رفتار ملے گی۔
مسٹر کھرگے نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ کیرالہ میں کانگریس۔یو ڈی ایف حکومت کے حلف لینے پر مسٹر وی ڈی ستیشن اور وزارتی کونسل کے تمام ارکان کو دلی مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ کانگریس۔یو ڈی ایف کی اجتماعی قیادت میں کیرالہ حقیقی ترقی اور مستقبل کے حوالے سے دوراندیش خوشحالی کا گواہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقار، انصاف، آزادی، شمولیت اور ہم آہنگی ان کے عزم کے اہم ستون رہیں گے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ کیرالہ کے عوام نے اس حکومت کے لیے جدوجہد کی ہے اور عوام کی آواز ہی حکومت کی رہنمائی کرے گی۔ میں مسٹر وی ڈی ستیشن اور پوری کابینہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ حکومت کیرالہ کے ہرباشندے کی آواز کی نمائندگی کرے گی۔ انہوں نے انتخابی مہم کی قیادت کرنے کے لیے کے سی وینوگوپال کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ جیت یو ڈی ایف کے ہر کارکن اور ڈیجیٹل یودھا کی ہے، جنہوں نے مہم کے دوران انتھک محنت اور قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ اب کام شروع ہوتا ہے۔
محترمہ واڈرا نے مسٹر ستیشن اور پوری کابینہ کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ کیرالہ کے عوام کے یو ڈی ایف میں ظاہر کیے گئے اعتماد اور امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مسٹر ستیشن کی قیادت میں کیرالہ ہمدردی، ترقی، ہم آہنگی اور ہمہ جہت خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھے گا اور طرزِ حکومت کے مرکز میں ہر شہری کی فلاح و بہبود اور وقار کو رکھا جائے گا۔ انہوں نے حکومت کو کامیابی اور عوام کی خدمت کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔










