ندائے مشر ق خبر
کولگام میں بدنام زمانہ میاں بیوی منشیات فروش جوڑے کا مکان مسمار
ویب ڈیسک
سرینگر؍۱۶مئی
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کولگام ضلع میں منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں ملوث مبینہ میاں بیوی کے رہائشی مکان کو مسمار کر دیا۔
حکام کے مطابق منہدم کی گئی جائیداد بدنام زمانہ منشیات فروش نفیس احمد ڈار ولد محمد رمضان ڈار، ساکن برازلو جاگیر، اور ان کی اہلیہ رقیہ جان کی تھی۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق نفیس احمد ڈار پولیس اسٹیشن یاری پورہ میں درج ایک ایف آئی آر کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعہ اور پولیس اسٹیشن کولگام میں درج ایک اورایف آئی آرکے تحت متعلقہ دفعہ کے مقدمات میں ملوث ہے۔
ان کی اہلیہ رقیہ جان کے خلاف بھی منشیات سے متعلق متعدد مقدمات درج ہیں، جن میں پولیس اسٹیشن اننت ناگ اور یاری پوری میںدرج ایف آئی آر کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات شامل ہیں۔ وہ اس وقت سینٹرل جیل سرینگر میں بند ہیں۔
پولیس نے کہا کہ یہ کارروائی علاقے میں منشیات کی لعنت کے خاتمے اور منشیات فروشوں کے زیر استعمال ڈھانچے کو تباہ کرنے کی جاری مہم کا حصہ ہے۔
ادھر سرینگر پولیس نے تین مبینہ منشیات فروشوں کی۵ء۸کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ حکام نے ہفتہ کو یہ جانکاری دی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ خانیار پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ۶۸-ایف کے تحت ملزمان کی تین غیر منقولہ جائیدادیں اور ایک گاڑی ضبط کی۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے۱۱؍ اپریل کو شروع کی گئی۱۰۰روزہ ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کا حصہ ہے، جس کا مقصد منشیات کی اسمگلنگ پر قابو پانا اور اس دھندے میں ملوث افراد کے مالیاتی نیٹ ورک کو توڑنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پہلی جائیداد نذیر احمد میر عرف نذیر لشکری کی تھی، جس میں خانیار کے کولی پورہ علاقے میں۴ء۵ مرلہ زمین پر تعمیر شدہ دو منزلہ رہائشی مکان اور آٹھ دکانیں شامل ہیں۔ اس جائیداد کی تخمینی مالیت۳ء۲کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
دوسری جائیداد خانیار کے مسکین باغ کے رہائشی گلزار احمد میر کی تھی، جس میں ایک ایس یو وی گاڑی، سات مرلہ زمین اور اس پر قائم ایک عارضی ڈھانچہ شامل ہے۔ ان تمام اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً۱ء۸کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
تیسری جائیداد نوپورہ خانیار کے لون محلہ کے رہائشی زاہد منظور راٹھر کی تھی، جس میں نو مرلہ زمین پر تعمیر شدہ ایک منزلہ رہائشی مکان شامل ہے، جس کی مالیت تقریباً۸۰لاکھ روپے ہے۔ترجمان نے کہا کہ ضبط شدہ اثاثے منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ آمدنی سے خریدے گئے تھے۔
دریں اثنا، پولیس نے اننت ناگ اور شوپیاں میں الگ الگ انسدادِ منشیات کارروائیوں کے دوران اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے پانچ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ممنوعہ اشیا برآمد کیں۔
اننت ناگ میں پولیس پوسٹ سنگم کی ایک ٹیم نے ہالملہ سنگم میں ناکہ قائم کیا تھا، جہاں جموں سے سرینگر کی طرف جا رہی ایک ہونڈا سٹی کار کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران سید ساحل عرف ’’ڈوگی‘‘ ولد سید شریف الدین، ساکن فردوس کالونی بمنہ سرینگر، حال مقیم رائر بڈگام، فرحان مجید وانی ولد عبدالمجید وانی، ساکن گبرپورہ ہال شوپیاں، اور عزیر احمد ایتو ولد ریاض احمد ایتو، ساکن سہ پورہ ڈورو کے قبضے سے تقریباً۱۲ء۷گرام ہیروئن جیسا مادہ برآمد کیا گیا۔ جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔
ایک اور کارروائی میں پولیس پوسٹ سنگم نے نینا برج، جی بی خلیل نینا کے قریب ایک شخص کو گرفتار کیا۔ ملزم کی شناخت سرتاج احمد علی ولد غلام محی الدین علی، ساکن نینا بٹ پورہ کے طور پر ہوئی، جس کے قبضے سے تقریباً۱۹گرام براؤن شوگر برآمد کی گئی۔
ادھر شوپیاں میں پولیس اسٹیشن امام صاحب نے چنچواڑ کراسنگ پر معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔ مشتبہ شخص کی تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے تقریباً۳۰۰ گرام پوست جیسا ممنوعہ مادہ برآمد ہوا۔ملزم کی شناخت محمد اشرف بٹ ولد عبدالاحَد بٹ، ساکن بربگھ امام صاحب کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے متعلقہ تھانوں میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث وسیع نیٹ ورک کا پتہ لگایا جا سکے۔
پولیس نے معاشرے سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے استعمال یا اسمگلنگ سے متعلق کسی بھی اطلاع کو پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔










