نئی دہلی، 6 جنوری ( یو این آئی ) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کے روز دہلی اسمبلی میں سکھوں کے نویں گرو، گرو تیغ بہادر جی کے 350 ویں یوم شہادت (شہیدی دیوس) کے موقع پر منعقدہ بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ گرو صاحب کی قربانی حق، سچ اور انسانی اقدار کی حفاظت کے لیے ایک عظیم مثال ہے جو نسل در نسل ہمیں تحریک دیتی رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ گرو صاحب کے 350 ویں یوم شہادت پر لال قلعہ جیسے تاریخی مقام سے گربانی کی گونج سنائی دی، جہاں سے کبھی ان کے خلاف فرمان جاری ہوا تھا۔
انہوں نے زور دیا کہ جو قوم اپنا تاریخ بھول جاتی ہے ، اس کا مستقبل محفوظ نہیں رہتا۔ دہلی حکومت ترقی اور وراثت کے اصول پر کام کر رہی ہے ۔ریکھا گپتا نے کہا کہ گزشتہ 11 مہینوں میں دہلی حکومت نے شہر کو ایک ایسے گلدستے کی شکل دی ہے جہاں ہر مذہب و ثقافت کے تہواروں (جیسے دیوالی، کانوڑ یاترا اور یوم تاسیس) کو بڑے فخر سے مناتی ہے ۔گرو تیغ بہادر جی کو ہند کا چادر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف ایک طبقے کے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے محافظ تھے ۔کپل مشرا (کابینہ وزیر) نے کہا کہ گرو صاحب کی شہادت جیسی عظیم قربانی کی مثال پوری دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ تقریب میں صدر جمہوریہ اور وزیر داخلہ کی شرکت فخر کی بات ہے ۔
منجندر سنگھ سرسا (وزیر ماحولیات) نے مغل حکمران اورنگزیب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں مغلوں کو تو پڑھایا گیا لیکن گروئوں کی قربانیوں کو نظر انداز کیا گیا۔ موجودہ حکومت اس روایت کو بدل رہی ہے ۔ارویندر سنگھ لولی (بی جے پی)نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ۔
وریندر کادیان (عام آدمی پارٹی)انہوں نے سکھ برادری کی خدمتِ خلق (خصوصاً کورونا دور میں) کی تعریف کی اور پنجاب حکومت کی جانب سے منائے گئے پروگراموں کا ذکر کیا۔اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے کہا کہ گرو صاحب کی قربانی پوری کائنات کے لیے تھی اور ہم سب کو ان کے سامنے سر تسلیم خم کرنا چاہیے ۔
بحث میں حصہ لینے والے تمام اراکین، بشمول اجے دت اور راج کمار بھاٹیا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس طرح کے پروگراموں سے نئی نسل کو اپنی جڑوں اور عظیم تاریخ سے واقف ہونے کا موقع ملتا ہے ۔










