ڈھاکہ 10 نومبر(یو این آئی ) بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ویمن کرکٹر جہاں آرا کی جانب سے ہراسانی سے متعلق عائد کیے گئے الزامات سچ ثابت ہونے پر زیرو ٹالرنس کا اعلان کیا ہے۔بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے اپنے بیان میں کہا کہ ہراسانی کے الزامات چاہے انفرادی شخص، اسٹاف یا ڈائریکٹر کے خلاف ہوں، الزامات سچ ہوئے تو کارروائی ہوگی۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطابق بی سی بی نے خاتون کھلاڑی جہاں آرا کے الزامات پر کارروائی شروع کر دی ہے، بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے الزامات پر چند آفیشلز کو او ایس ڈی بنا دیا ہے۔بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے سی ای او نظام الدین چوہدری نے کہا کہ ان افراد پر کارروائی کی ہے جنہیں الزامات کا سامنا ہے۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ایک بی سی بی ڈائریکٹر پر بھی الزامات لگائے گئے ہیں۔واضح رہے کہ بنگلادیشی کھلاڑی جہاں آرا عالم نے 2021 میں ہراسانی سے متعلق خط لکھا تھا۔اس شکایت پر 2025 میں ایکشن لینے پر سی ای او کرکٹ بورڈ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق تحقیقات تک سی ای او اور ڈائریکٹر کو بھی او ایس ڈی بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔





