سڈنی، 28 اکتوبر (یو این آئی) آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلس (این ایس ڈبلیو) میں واقع کان میں زیر زمین دھماکے سے دو لوگوں کی موت ہوگئی۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق، منگل کی صبح سویرے سڈنی کے شمال مغرب میں 700 کلومیٹر (435 میل) کے فاصلے پر کوبار میں واقع اینڈیور کان میں دھماکہ کے بعد ہنگامی خدمات کی ٹیم کو بلایا گیا۔
پولس نے بتایا کہ 60 سالہ شخص جائے وقوعہ پر ہی ہلاک ہو گیا، اور 20 سال کی دو خواتین کو کان سے نکالا گیا، لیکن بعد میں ایک کی موت ہو گئی۔ دوسری خاتون کو معمولی زخموں کے ساتھ اسپتال لے جایا گیا۔ واقعے کی تحقیقات ریاست کی ورک پلیس سیفٹی اتھارٹی کرے گی۔
آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کے مطابق کوبار کے میئر جیروڈ مارسڈن نے اس واقعے کو "انتہائی افسوسناک” قرار دیا۔
انہوں نے کہا، "کانکنی میں کان کن سب سے قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، اور دو خاندان اب اپنے پیاروں کو دوبارہ نہیں دیکھ پائیں گے ۔”
اینڈیور مائن کی ویب سائٹ کے مطابق، کان 1982 سے 2020 تک مسلسل چلتی رہی ہے ۔
اسے پولیمیٹلز رسورسز نے 2023 میں خریدا تھا، اور کمپنی چاندی، زنک اور سیسے کی دھاتیں تیار کرنے کے لیے اس سال کان کنی کا کام دوبارہ شروع کرنے کی تیاری میں تھی۔
نیو ساؤتھ ویلز کے پریمیئر کرس منز نے مہلوکین کے اہل خانہ، دوستوں اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ "کان کنی میں حفاظتی پروٹوکول اور طریقہ کار میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ لیکن یہ دو اموات اس بات کی واضح یاد دہانی ہیں کہ ہمیں کارکنوں کی حفاظت کے بارے میں چوکس رہنے کی ضرورت کیوں ہے ۔”








