نئی دہلی، 21 اکتوبر (یو این آئی) ایک طرف سونے کی قیمتیں آسمان چھونے کی وجہ سے یہ عام لوگوں کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے ، تو دوسری طرف لوگ اپنے زیورات بینکوں کے پاس رہن رکھ کر جم کر گولڈ لون بھی لے رہے ہیں۔
ریزرو بینک کے اعداد و شمار کے مطابق، 23 اگست 2024 کو بینکوں کی طرف سے دیا گیا گولڈ لون 1,40,391 کروڑ روپے تھا جو 22 اگست 2025 کو 3,05,814 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ اس طرح اس میں 117.8 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔
رواں مالی سال کی بات کریں تو بینکوں کی طرف سے دیے گئے گولڈ لون میں 46.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ 31 مارچ 2025 کو 2,08,735 کروڑ روپے تھا۔
قابل ذکر ہے کہ اگست 2024 میں ممبئی میں 24 قیراط سونے کی اوسط قیمت 70,441 روپے فی 10 گرام تھی جو اگست 2025 میں 99,696 روپے فی 10 گرام تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم اب سونا تقریباً 1,30,000 روپے فی 10 گرام کے قریب ہے ۔
واضح رہے کہ پچھلے کچھ وقت سے سونے کی بڑھتی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے بینک آسانی سے گولڈ لون دے رہے ہیں۔ ساتھ ہی لوگ بھی اپنی ضرورتوں کے لیے بھرپور گولڈ لون لے رہے ہیں۔
سونے کی قیمتوں میں جاری تیزی کے لیے جغرافیائی و سیاسی تناؤ اور غیر یقینی صورتحال کو سب سے بڑا سبب مانا جا رہا ہے ۔ سرمایہ کاروں کے علاوہ دنیا بھر کے سینٹرل بینک اپنے سونے کے ذخائر کو مضبوط کر رہے ہیں۔ عالمی سونے کی کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق، سینٹرل بینکوں نے اپریل تا جون سہ ماہی میں 166 ٹن سونا خریدا تھا جبکہ عالمی مانگ 1,249 ٹن رہی تھی۔
ریزرو بینک کے سونے کے ذخائر بھی 10 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں پہلی بار 100 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ۔ یہ 3.60 ارب ڈالر کے اضافے کے ساتھ 102.37 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
مرکز نے گجرات اور ہریانہ کوگرانٹ کے طور پر 730 کروڑ روپے کی رقم جاری کی
نئی دہلی، 21 اکتوبر (یو این آئی) مرکزی حکومت نے گجرات اور ہریانہ میں دیہی مقامی اداروں کے لیے مالی سال 2025-26 کے تحت پندرھویں مالیاتی کمیشن کے گرانٹ کے طور پر 730 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جاری کی ہے ۔
پنچایتی راج کی وزارت نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ گجرات میں مالی سال 2024-25 کے تحت ریاست کی تمام 38 ضلع پنچایتوں، 247 اہل بلاک پنچایتوں اور 14,547 اہل گرام پنچایتوں کے لیے 522.20 کروڑ روپے کے غیر مشروط گرانٹ کی دوسری قسط جاری کی گئی ہے ۔
علاوہ ازیں مالی سال 2024-25 کے لیے غیر مشروط گرانٹ کی پہلی قسط کے بقایاجات 13.5989 کروڑ روپے کی رقم 6 ضلع پنچایتوں، 5 بلاک پنچایتوں اور 78 گرام پنچایتوں کو جاری کی گئی ہے ۔
مرکزی حکومت نے ہریانہ کی 18 ضلع پنچایتوں، 134 اہل بلاک پنچایتوں اور 6,164 گرام پنچایتوں کے لیے مالی سال 2025-26 کے تحت غیر مشروط گرانٹ کی پہلی قسط کے طور پر 195.129 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔
مرکزی حکومت، پنچایتی راج کی وزارت اور وزارتِ جل شکتی کے ذریعے ریاستوں کو پنچایتی راج اداروں اور دیہی مقامی اداروں کے لیے پندرھویں مالیاتی کمیشن کے تحت گرانٹ جاری کرنے کی سفارش کرتی ہے ، جنہیں بعد میں وزارتِ مالیات جاری کرتی ہے ۔
یہ گرانٹ ایک مالی سال میں دو قسطوں میں جاری کی جاتی ہے ۔ پنچایتی راج ادارے یا دیہی مقامی ادارے ، تنخواہوں اور دیگر انتظامی اخراجات کے علاوہ آئین کی گیارہویں فہرست میں شامل 29 موضوعات کے تحت مقامی ضروریات کے لیے غیر مشروط گرانٹ کا استعمال کریں گے ۔










