نئی دہلی، 24 ستمبر (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کو کہا کہ ان کی حکومت دہلی کے دیہاتوں کو جدید سہولیات سے بااختیار بنانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔
محترمہ گپتا نے آج یہاں پوٹھ خورد میں لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کے ساتھ ‘دہلی گرامودیا ابھیان’ کے تحت مختلف عوامی سہولیات کا افتتاح کیا اور انہیں وقف کیا۔ اس اسکیم کے تحت 50 گاؤں کے لیے 700 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے 80 سے زیادہ ترقیاتی پروجیکٹس شروع کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان سہولیات کے آغاز سے دہلی کے دیہاتوں میں ترقی کو ایک نئی رفتار ملے گی۔ یہ کوشش نہ صرف بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی لائے گی بلکہ گاؤں کی ثقافت، روایت اور جدیدیت کے درمیان توازن بھی قائم کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دیہی علاقوں نے جس بے مثال ترقی کی کہانی لکھی ہے اسی راستے پرچلتے ہوئے ان کی حکومت بھی دہلی کے دیہاتوں کو جدید سہولیات کے ساتھ بااختیار بنانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے کہا کہ دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذریعہ چلائے جانے والے "دہلی گرامودیا ابھیان” کے تحت کئے گئے یہ کام دہلی کے دیہی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو نئی سمت اور رفتار فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے گرامودیا کے وژن سے متاثر اس ابھیان کے تحت اب تک 760 کروڑ روپے کی لاگت سے 854 کام مکمل ہو چکے ہیں یا تکمیل کے قریب ہیں۔ اس مہم کا مقصد دیہی لوگوں کی ضروریات کے مطابق انہیں سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس ابھیان کے تئیں دیہاتیوں کی بیداری اور لگاؤ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا، "مجھے یقین ہے کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں، دہلی حکومت اس بلند نظر ابھیان کو مزید مضبوط کرے گی، جس سے دہائیوں سے نظر انداز کیے جانے والے دہلی کے یہ گاؤں نہ صرف دارالحکومت کے دیگر علاقوں کے برابر کھڑے ہوں گے ، بلکہ پورے ملک میں دیہی ترقی کی ایک قابل ذکر مثال قائم کریں گے ۔”










