گیاجی، 20 ستمبر (یو این آئی) پترپکش کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو آج بہار کے مذہبی شہر گیاجی پہنچیں اور اپنے پتروں کیآتما کی شانتی کے لیے پنڈ دان کیا۔
اس سے پہلے آج صبح گیاجی ہوائی اڈے پر مسز مرمو کا شاندار استقبال کیا گیا۔ صدر جمہوریہ کے استقبال کے لیے ریاستی گورنر عارف محمد خان موجود تھے ۔ گیا ہوائی اڈے سے ، صدر جمہوریہ مرمو براہ راست وشنوپد مندر گئیں، جہاں انہوں نے اپنے پتروں کی آتماکی شانتی کے لیے پنڈ دان کیا۔
صدر جمہوریہ کی آمد پر وشنوپد مندر میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ۔ اڈیشہ علاقہ کے پجاری منگل جھانگر نے پنڈ دان کی رسم ادا کرائی۔
اس موقع پر پجاری منگل جھانگر نے کہا کہ صدر دروپدی مرمو کے پتروں کے لیے پنڈ دان کی رسم تمام مذہبی رسومات کے مطابق ادا کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران صدر جمہوریہ کو گیا جی میں ادا کی جانے والی پنڈ دان رسم کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسز مرمو پنڈ دان کی رسم کے لیے پہلی بار گیا جی آئی ہیں۔ اس سے پہلے ، ان کے پتروں نے بھی یہاں پنڈ دان کیا ہے جس سے متعلق دستاویزات بھی انہیں دکھائے گئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وشنوپد مندر کی انتظامی کمیٹی کو کچھ عرصہ قبل اطلاع ملی تھی کہ صدر مرمو پنڈ دان کرنے گیا جی کا دورہ کریں گی۔ صدرجمہوریہ آج پنڈ دان کے بعد دہلی واپس روانہ ہوگئیں۔
اس سے قبل جمعہ کے روز ریلائنس گروپ کے چیئرمین مکیش امبانی اور ان کے بیٹے اننت امبانی نے بھی پنڈ دان کیلئے گیا جی کا دورہ کیا تھا۔
صدرجمہوریہ کے پروگرام کے پیش نظر گیا جی میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور ہوائی اڈے سے وشنوپد مندر جانے والے راستے پر پولیس چوکس تھی۔ اس سلسلے میں حکام نے جمعہ کے روز ایک موک ڈرل کی تھی تاکہ سیکیورٹی حصار کی مضبوطی کی تصدیق کی جا سکے ۔
آج صبح صدر کا قافلہ گیا ہوائی اڈے سے گیٹ نمبر 5، گھگھڑی ٹاڑ بائی پاس اور بنگالی آشرم سے ہوتا ہوا وشنوپد مندر پہنچا۔ صدر کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام حساس مقامات پر سخت چوکسی نافذ کی گئی تھی اور ہر سرگرمی پر نظر رکھنے کے لیے مجسٹریٹس کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے ۔ شہر کے ٹریفک نظام میں بھی تبدیلیاں کی گئیں اور صدر کے سفر کے دوران شہریوں کی گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر روک دی گئی تھی۔










