واشنگٹن، 12 ستمبر (یو این آئی) امریکی شہر ڈلاس میں ایک ہوٹل مالک ہندوستانی نژاد شخص کا اِس کے ملازم نے معمولی تنازع کے بعد تیز دھار آلے سے سر قلم کردیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی شہر ڈلاس میں رہنے والے 50 سالہ ہوٹل مالک چندرا ناگمالیہ کا تعلق ہندوستانی ریاست کرناٹک سے ہے ۔
رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز اِس کی اپنے ہوٹل کے ملازم سے واشنگ مشین استعمال نہ کرنے کے حوالے سے تکرار ہوئی، ہندوستانی ہوٹل مالک ناگمالیہ نے ملازم کو مشین کے استعمال سے روک دیا اور دوسرے ملازم کے ذریعے اسِے یہ ہدایت کروائی، جس پر امریکی ملازم آگ بگولہ ہوگیا۔
امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اچانک ایک بڑی چھری سے ناگمالیہ پر حملہ کر دیا اور اسے کئی بار نشانہ بنایا، ناگمالیہ زخمی ہونے کے باوجود بھاگ کر ہوٹل کے دفتر کی جانب بھا مگر ملزم نے اِس کا پیچھا کیا، اس دوران مقتول کی اہلیہ اور 18 سالہ بیٹا بھی دفتر سے باہر نکل آئے اور ملزم کو روکنے کی کوشش کی مگر ملزم نے انہیں بھی دھکا دیکر دور کردیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزم نے ناگمالیہ کا سر قلم کردیا اور اسے لاتوں سے مارتا رہا۔
ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ملزم نے مقتول کا کٹا ہوا سر کچرے کے ڈبے میں بھی پھینکنے کی کوشش کی۔
رپورٹس کے مطابق ملزم یورڈانِس کوبوس مارٹینیز پر ‘کیپیٹل مرڈر’ کا کیس داخل کیا گیا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ہیوسٹن میں پہلے بھی کئی کیس درج ہوچکے ہیں جن میں گاڑی چوری اور حملے کے واقعات شامل ہیں







