ویلنگٹن//
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ (کل) بروز بدھ ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم نیوزی لینڈ کو سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز بیسن ریزرو گراؤنڈ میں آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا اور کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔ پریکٹس سے قبل کھلاڑیوں نے وارم اپ ڈرلز میں بھی حصہ لیا۔ پاکستان ٹیم سلمان علی آغا کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ نیوزی لینڈ کو مائیکل بریسویل لیڈ کریں۔
پاکستان کے خلاف جاری پانچ میچوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرنے کے بعد میزبان نیوزی لینڈ نے آئندہ ون ڈے میچوں کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں دو ان کیپڈ کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے سلیکٹرز نے آئندہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کی کپتانی ٹام لیتھم کو سونپی ہے۔ جبکہ وائٹ بال کپتان مچل سینٹنر ٹیم میں نہیں ہوں گے۔ ڈومیسٹک ٹیم میں کئی نئے کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے فرسٹ کلاس سرکٹ میں ویلنگٹن فائر برڈز کے لیے کھیلنے والے ٹاپ آرڈر بلے باز نک کیلی اور بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عباس کو پہلی بار قومی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے والے راچن رویندرا، ڈیون کونوے، گلین فلپس اور سینٹنر ٹیم سے باہر ہیں۔ پاکستان کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں سنچری بنانے والے ول ینگ، کیلی کے ساتھ ٹاپ آرڈر میں شامل ہوں گے۔ جبکہ ڈیرل مچل، مائیکل بریسویل اور نیتھن اسمتھ مڈل آرڈر میں کھیلیں گے۔
گیندبازی کی بات کی جائے توورک، جیکب ڈفی، نیتھن اسمتھ اور بین سیئرز چار جہتی تیز گیندبازی اٹیک میں شامل ہوں گے۔ اس دوران جیمیسن کو آرام دیا گیا ہے۔ اسپن ڈپارٹمنٹ میں آل راؤنڈر بریسویل کے ساتھ 22 سالہ آکلینڈ ایسز لیگ اسپنر آدی اشوک شامل ہوں گے۔ دوسرا ایک روزہ میک لین پارک، نیپئر میں دواپریل اور تیسرا 5 اپریل کو بے اوول، ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا جائے گا۔
ہفتہ کو نیپئر میں پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے نیوزی لینڈ کا اسکواڈ یہ ہے:- ٹام لیتھم (کپتان)، محمد عباس، آدی اشوک، مائیکل بریسویل، مارک چیپ مین، جیکب ڈفی، مچ ہیے، نک کیلی، ڈیرل مچل، ول اوورکے، بین سیئرز، نیتھن اسمتھ اور ول ینگ۔