جموں/
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ انجینئر رشید کو صرف بیس دنوں کے لئے الیکشن مہم چلانے کے لئے رہا کیا گیا ہے ۔
عمر نے ساتھ ہی کہا’’وہ میدان میں اتریں پھر دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے ‘‘۔
سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو ضلع ڈوڈہ میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
این سی نائب صدر نے کہا’’انجینئر رشید صاحب کو صرف بیس دنوں کے لئے رہا کیا گیا ہے وہ بھی مہم چلانے کیلئے ، وہ میدان میں آئیں پھر دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے ‘‘۔
بی جے پی کے راہل گاندھی پر بیرون ملک ہندوستان کی مخالفت کرنے کے الزام کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا’’راہل گاندھی نے ملک کے خلاف کیا کہا، میں نے ان کے منہ سے ملک کے خلاف کبھی کوئی بات نہیں سنی، وہ جب بھی بولتے ہیں تو ملک کے حق میں ہی بولتے ہیں‘‘۔
انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی جیت کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا’’یہ سب۸؍اکتوبر کو دیکھا جائے گا۔‘‘









