جموں//
وزیر اعظم ‘نریندر مودی جموں کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے، جو اگست ۲۰۱۹ میں سابق ریاست کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ میں تبدیل کیے جانے کے بعد اس طرح کا پہلا جمہوری عمل ہے۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو سونپی گئی۴۰ اسٹار کمپینرز کی فہرست میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی شامل ہیں۔
مرکزی وزراء نتن گڈکری، منوہر لال کھٹر، جی کشن ریڈی، شیوراج سنگھ چوہان، جتیندر سنگھ اور سابق مرکزی وزراء انوراگ ٹھاکر اور اسمرتی ایرانی اور جنرل (ریٹائرڈ) وی کے سنگھ کے علاوہ راجستھان کے وزیر اعلی ٰ بھجن لال شرما اور ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلی جے رام ٹھاکر بھی انتخابی مہم کے دوران جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔
جموںکشمیر میں تین مرحلوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات ۱۸‘۲۵ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہونے والے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی چار اکتوبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور انچارج ہیڈکوارٹر ارون سنگھ نے کہا کہ پارٹی کے ۴۰؍ اسٹار کمپینرز کی فہرست کو بقیہ مراحل کے لئے درست مانا جاسکتا ہے بشرطیکہ ہم مقررہ وقت کے اندر ترمیم شدہ فہرست کو آگے نہ بھیجیں۔
اس فہرست میں بی جے پی کے سابق جنرل سکریٹری اور حال ہی میں جموں و کشمیر کے لئے انتخابی انچارج رام مادھو، پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری انچارج جموں و کشمیر ترون چگ، جموں و کشمیر بی جے پی صدر رویندر رینا، رکن پارلیمنٹ جوگل کشور شرما، راجیہ سبھا رکن غلام علی کھٹانہ، جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول اور جموں و کشمیر بی جے پی کے نائب صدر صوفی یوسف بھی شامل ہیں۔










